ذات اقدس ﷺ سے وابستگی کو مضبوط و مستحکم کرنا ایمان کا تقاضہ

عازمین کا اجتماع‘ مولانا سید قبول بادشاہ شطاری ‘ جناب محمد مسیح اللہ خان ‘ پروفیسر ایس اے شکور اور علمائے کرام کا خطاب

حیدرآباد 15جولائی ( پریس نوٹ ) مولانا سید شاہ قبول بادشاہ شطاری قادری معتمد صدر مجلس علمائے دکن نے آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ بیان کرتے ہوئے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی آواز کو رسول اللہ ﷺ کی آواز سے بلند نہ کریں ورنہ اعمال حبط ہوجائیں گے اور ہم کو خبر بھی نہیں ہوگی۔ انہو ںنے کہا کہ یہ اللہ کا فرمان ہے۔ حج کا وہ فریضہ ہے جس کو ادا کرنے کے بعد انسان اپنے مقصد تخلیق کی تکمیل پاتا ہے۔ آج مسجد بغدادی ٹیک نامپلی میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کے تیرھویں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مکہ رسول اللہ ﷺ کی تشریف آوری کی بدولت معظمہ بنا اور مدینہ آپ ﷺ کی آمد سے منورہ بنا۔ مدینہ انتہائی ادب کا مقام ہے اور روضہ نبوی ﷺ کی زیارت سے آپ کی شفاعت جو شفاعت عظمیٰ ہے‘ لازم ہوجاتی ہے۔ ایمان کا تقاضہ ہے کہ ذات اقدس سے ساتھ وابستگی کو مضبوط و مستحکم کریں۔ جناب محمد مسیح اللہ خان صدر نشین ریاستی حج کمیٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عازمین حج کے لئے کل پیر سے حج ہاؤز میں ویکسی نیشن کیمپ شروع ہوگا۔ پہلے دن کور نمبر ایک سے لے کر 3,000تک کے دوسرے دن منگل کو کور نمبر 3001سے لے کر 6000تک کے اور چہارشنبہ کو کور نمبر 6001 سے لے کر 7,000تک کے عازمین کی ٹیکہ اندازی ہوگی۔ عازمین اس سہولت سے استفادہ کریں۔ اور اپنے ساتھ کور نمبر اور پاسپورٹ کی کاپی لائیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ شہر کے علاوہ ضلاع میں بھی 17جولائی سے ویکسی نیشن کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں۔ سعودی عربین ایر لائنز کی نئی ہدایات کے مطابق عازمین اپنے ساتھ 22کلو کے دو سوٹ کیس اور دس کلو کا ہینڈ کیاری لے جاسکتے ہیں جن کا جملہ وزن 44کلو ہونا چاہئے۔ جملہ 28محکموں کے تعاون سے سفر حج کا انتظام ہوتا ہے اور کسٹمس ڈپارٹمنٹ نے ہدایت دی ہے کہ عازمین واپسی میں اپنے ساتھ سونا نہ لائیں۔ مولانا ضیأ الدین نقشبندی صدر ابوالحسنات اکیڈیمی نے سوالات کے جوابات دیئے اور اہم امور کی وضاحت کی ۔مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ امیر امارت ملت اسلامیہ حیدرآبادفضائل حج اور عمرہ اور فضائل مکہ معظمہ و مدینہ منورہ بیان کئے۔مولانا احسن الحمومی خطیب شاہی مسجد باغ عامہ نے زیارت مدینہ منورہ کی اہمیت و فضیلت بیان کی اور کہا کہ جس نے قبر اطہر کی زیارت کی اس پر رسول اللہ کی شفاعت لازمی ہوگئی۔ شیخ الحفاظ مولانا حافظ شیخ احمد محی الدین شرفی نے مناسک حج و عمرہے بیان کئے اور عازمین کو ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ علمائے کرام یہاں جو باتیں بتاتے ہیں ان کا خاص خیال رکھیں اور ان کی پابندی کریں۔الحاج منیر الدین مختار نے احرام باندھنے کا طریقہ سمجھایااورسفر حج سے متعلق امور کی وضاحت کی ‘ انہو ںنے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں کہیںبھی کوئی گری پڑی چیز خواہ کتنی ہی قیمتی کیوںنہ ہو نہ اٹھائیں وہاں کے قانون کے مطابق یہ جرم ہے۔ جناب ابو طلحہٰ امجد رکن ریاستی حج کمیٹی‘ اے سی پی گوشہ محل ‘ انسپکٹر پولیس آصف نگر جناب مدھوکر سوامی بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ اس موقع پر مہمانوں کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔ اجتماع مولانا سید عاصم نقشبندی کی تلاوت کلام پاک اور حافظ محمد مفید احمدکے ہدیہ نعت سے شروع ہوا۔ خواتین کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ ۔ انتظامی کمیٹی کے نائب صدر جناب عبدالرؤف غازی نے شکریہ ادا کیا۔