ذاتی تشہیر کے لیے سرکاری فنڈس کا بیجا استعمال

نئی دہلی ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سرکاری تشہیر اور فراہمی اطلاعات کے لیے مختص فنڈس میں متواتر اضافہ پر اپوزیشن نے عاپ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ذاتی تشہیر کے لیے عوامی رقومات کے اصراف سے کرپشن بڑھے گا ۔ دہلی پردیش کانگریس کے صدر مسٹر اجئے ماکن نے کہا کہ جاریہ سال سرکاری تشہیر اور اطلاعات کے لیے حکومت دہلی نے 526 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ جب کہ گذشتہ سال صرف 24 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے تھے ۔ جب کہ سابق عاپ لیڈر پرشانت بھوشن نے بھی حکومت کے اقدام پر اعتراض کیا تھا ۔ کانگریس لیڈر نے الزام عائد کیا کہ اروند کجریوال حکومت کا نیا ایف ایم ریڈیو اشتہار توہین عدالت کی تعریف میں آتا ہے اور یہ معاملہ بہت جلد سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا ۔ چونکہ عدالت العالیہ نے ٹی وی اشتہارات پر تحدیدات عائد کردی ہے جس کے باعث دہلی حکومت نے ریڈیو کے ذریعہ ذاتی تشہیر کا طریقہ اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو کے اشتہارات میں بھی کسی جماعت ، حکومت اور لیڈر کی تشہیر کرنا بھی سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے ۔ جس کے خلاف عدالت سے شکایت کی جائے گی ۔ دریں اثناء ایک سینئیر عہدیدار نے بتایا کہ شہریان دہلی سے رابطہ کے لیے حکومت نے 70 سکنڈ کا ایک اشتہار جاری کیا ہے جو کہ ایف ایم ریڈیو چیانلوں میں پیش کیا جارہا ہے ۔ دہلی حکومت کا یہ اقدام ایسے وقت آیا ہے جب سپریم کورٹ نے بصری اشتہارات اور ہورڈنگس پر چیف منسٹرس اور دیگر سیاسی لیڈروں کے تصاویر کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے ۔۔