د100 دن میں 10 فٹ اوور برجس کی تعمیر

سلطان بازار اور آر ٹی سی چوراہا سب وے دوبارہ کھولنے اور 6 ایکسپریس راہداریوں کی تجویز
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( آئی این این ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے آئندہ ایک سو دن میں کم از کم 10 فٹ اوور برجس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار کی جانب سے آج ٹریفک پولیس ، جی ایچ ایم سی و پرائیوٹ کنسلٹنٹس کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ یہ بات خاص طور پر نوٹ کی گئی کہ ٹریفک اژدھام کی وجہ سے جسمانی معذور ، معمر افراد اور خواتین کو سڑک عبور کرنے میں دشواری ہورہی ہے ۔ شہر کی تقریبا ایک کروڑ آبادی میں تین فیصد یا تقریبا پانچ لاکھ افراد جسمانی معذور ہیں ۔ انہیں سہولت کے مقصد سے جی ایچ ایم سی نے جملہ 50 فٹ اوور برج تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پہلے مرحلہ میں بنجارہ ہلز ، روڈ نمبر 1 ، روڈ نمبر 12 ، جوبلی ہلز چیک پوسٹ ، لکڑی کا پل ، گولی گوڑہ ، املی بن بس ڈپو ، عابڈس ، کوٹھی ویمنس کالج اور افضل گنج بس اسٹانڈ پر فٹ اوور برجس تعمیر کئے جائیں گے ۔ مجوزہ فٹ اوور برجس میں لفٹ کی سہولت ہوگی اور یہ عصری ٹکنالوجی سے آراستہ ہوں گے ۔ اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری جسمانی معذور افراد کو تفویض کی جائے گی ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر نے جی ایچ ایم سی ، حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ اور الیکٹریسٹی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو سلطان بازار اور آر ٹی سی چوراہا کے سب ویز کی دوبارہ کشادگی کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ انہیں فی الحال بند رکھا گیا ہے ۔ ایک اور جائزہ اجلاس میں کمشنر نے شہر میں ایکسپریس راہداری تعمیر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ انتہائی ٹریفک اژدھام کے حامل علاقوں میں پانچ تا چھ ایکسپریس راہداریوں کی نشاندہی کی جارہی ہے اور یہ تجاویز ریاستی حکومت کو منظوری کے لیے روانہ کی جارہی ہیں ۔ آئندہ اجلاس میں سگنلس کے بغیر ٹریفک کے بہاؤکو بہتر بنانے اور اس کے لیے اختیار کئے جانے والے سسٹمس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ کنسلٹنٹس کو اس ضمن میں تکنیکی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔۔