دیہی مسلمانوں میں اصلاح کا کام ناگزیر

نلگنڈہ ۔ 10 جنوری ( فیاکس ) مدرسہ اسلامیہ عربیہ مسیح العلوم للبنین و البنات واقع تعلقہ تنگا تورتی ضلع نلگنڈہ کے زیراہتمام 8 جنوری جلسہ سیرت محسن انسانیت و دور حاضر میں ہماری ذمہ داریاں ‘‘ سے مولانا محمد عبدالاحد فلاحی جنرل سکریٹری ردِ عیسائیت کمیٹی و ناظم مدرسہ اسلامیہ عربیہ مسیح العلوم للبنین والبنات نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زندگی میں اللہ کے آخری نبی حضرت محمد مصطفےؐ کی نورانی تعلیمات کو جاری و ساری فرمائیں ۔ اللہ تعالی نے کامیابی صرف حضور اکرم ؐ کی لائی شریعت مطہرہ کی صد فیصد پابندی میں رکھی ہے ۔ یہ پیغام تمام انسانیت تک پہنچاتے ہوئے امت مسلمہ خود بھی عمل پیرا رہے تو اللہ تعالی کی مدد و نصرت یقینی ہے ۔

امت مسلمہ کا بڑا حصہ عالمی پیمانہ پر شعور و آگاہی کی کمی کی وجہ سے توہمات و خرافات کا شکار ہے جس کی وجہ سے بے شمار مسائل میں گھرا ہوا ہے ۔ مولانا فلاحی نے ان خیالات کا اظہار مدرسہ مسیح العلوم للبنین والبنات میں جلسہ سیرتؐ کے دوران کیا ۔ مزید فرمایا کہ موجودہ دور میں ہم کلمہ کی بنیاد پر مسلکی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے متحد ہوجائیں، آپسی تعلقات کو ہمدردانہ و خوشگوار بنائیں ، اپنے اعمال میں اخلاص پیدا کریں ۔ مولانا فلاحی نے بڑے دکھ کے ساتھ کہا کہ ضلع نلگنڈہ کی 10 سے زائد مسجدیں ویران ہیں ۔ دیہات کے مسلمانوں کی حالت بدتر ہوتی جارہی ہے کہ علانیہ شرک و کفر کے مراسم عبودیت ادا کرتے ہوئے فخر محسوس کررہے ہیں ۔

سگی بھانجیوں سے نکاح مسلم خواتین کا چرچوں میں داخلہ ، مسلم لڑکیوں کا غیرمسلموں کے ساتھ فرار ہونا حتی کہ انتقال کے بعد بغیر نماز جنازہ کے تدفین کے علاوہ فتنہ قادیانیت و عیسائیت کا آسانی کے ساتھ شکار ہورہے ہیں ۔ عموماً ہم شہری حضرات و خواتین بڑے بڑے جلسے جلوسوں میں شریک ہو کر یہ سمجھتے ہیں کہ مسلمانوں کا دین و ایمان محفوظ ہے ۔ اہل علم و خادمان دین سے میری پرزور التجا ہے کہ وقت نکال کر دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے مذکورہ بالا مسائل کا جائزہ لے کر لائحہ عمل ترتیب دے کر ان مسائل کو سلجھانے میں پیشرفت کریں تو انشاء اللہ دین و ایمان کی بقاء و ارتقا یقینی ہوگی ۔ اس جلسہ میں مدرسہ کے طلباء و طالبات اساتذہ و معلمات نے بھی حصہ لیا ۔