کریم نگر میں یوم جمہوریہ تقریب سے ضلع کلکٹر سرفراز احمد کا خطاب
کریم نگر۔/27جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمارے بزرگوں ملک کے دانشوروں کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کے سبب ہمیں آزادی ملی اور ہم نے جمہوری طرز پر حکومت قائم کرلی۔ اس موقع پر ان سبھی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس یوم جمہوریہ کے موقع پر آپ سبھی کو مبارکباد دیتا ہوں، کریم نگر ضلع کلکٹر سرفراز احمد نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وہ کمشنریٹ گراؤنڈ پر 68 ویں یوم جمہوریہ کے پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی عوام کی ترقی، خوشحالی اپنا نصیب العین قرار دیتے ہوئے ریاستی حکومت کئی ایک ترقیاتی پروگراموں کی شروعات کرتے ہوئے ان پر موثر عمل آوری کی کوشش کررہی ہے تاکہ سنہرے تلنگانہ کا خواب پورا ہو، اس سلسلہ میں ہر ایک کا تعاون ضروری ہے۔ اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔ کریم نگر کو اسمارٹ سٹی، خوبصورت صاف ستھرا بنانے کیلئے کریم نگر کے عوام کا تعاون درکار ہے۔ ویلگندل ضلع میں لائیٹ اینڈ ساؤنڈ سسٹم کے لئے4کروڑ 25 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ہیں اور شروعات بھی ہوچکی ہے۔ گجرات کی سابرمتی ندی کی طرح ایل ایم ڈی کے نچلے حصہ میں 5کلو میٹر تک ویور فرنٹ تعمیر کی جارہی ہے۔ برنداون گارڈن کی طرح پرتیا ہوٹل کی تعمیر ہورہی ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوگا۔ کریم نگر کو کیش لیس ضلع بنانے کے لئے شعور بیداری پیدا کی جارہی ہے۔ مسائل کی یکسوئی کیلئے ڈائیل یور کلکٹر پروگرام کے ذریعہ 278 مسائل کی یکسوئی کردی گئی۔ ضلع میں دیگر محکموں کے ذریعہ حکومت کی ترقیاتی اسکیمات سے استفادہ کرکے ترقی کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ ضلعی وزراء، ارکان اسمبلی، ضلع پریشد چیرپرسن، زیڈ پی ٹی سیز، کارپوریٹرس، وارڈ ممبرز، ضلع کی ہمہ جہت ترقی کیلئے ضلع کے جج، وکلاء، محکمہ پولیس اور پرنٹ اینڈ الکٹرانک میڈیا سبھی کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے اظہار تشکر کرتا ہوں۔ اس تقریب میں ضلع کلکٹر سرفراز احمد اور کمشنر پولیس کملاسن ریڈی ایڈیشنل کمشنر نے ترنگا لہرایااور گارڈ آف آرنر کا معائنہ کیا۔