دیہی علاقوں کی عدم ترقی کلکٹرس پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ برہم

حیدرآباد۔ 30 جولائی (این ایس ایس) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ہزاروں کروڑ روپئے خرچ کرنے کے باوجود دیہی علاقوں میں عدم ترقی پر تشویش ظاہر کی اور کلکٹرس پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ترقیاتی اقدامات میں لاپرواہی نہ برتیں۔ انہوں نے گرام جیوتی پروگرام میں حصہ لینے کیلئے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تیز تر ترقی اسی وقت ہوگی جب مکمل تبدیلی لاتے ہوئے عوام بیدار ہوجائیں۔ ڈسٹرکٹ کلکٹرس، سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور دیگر ضلع عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دلت  علاقوں اور گرجنا بستیوں میں عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے سرگرم ہونا چاہئے۔ حکومت کے فراہم کردہ فنڈس کے ذریعہ پانچ سالہ ترقیاتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عوام حکومت کے ان اقدامات پر شعور حاصل کرتے ہوئے اپنے علاقوں کی ترقی میں مدد کریں۔ انہوں نے ریاست میں پنچایت راج نظام کو وسعت دیتے ہوئے اس پر عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ سنگاپور سے حوصلہ پاکر حیدرآباد کو بھی انہیں خطوط پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد میں پینے کے پانی کی قلت کو دُور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔