دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے حکومت کرناٹک سنجیدہ

سیڑم /9 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز): وزیر میڈیکل ایجوکیشن کرناٹک (رکن اسمبلی سیڑم) ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل کا رُدنور تعلقہ سیڑم میں چہارشنبہ کے دن پُرتپاک خیر مقدم کیا گیا ۔ مقامی کانگریسی قائدین، تجار حضرات اور اہم شخصیتیںکثیر تعدادمیں اس استقبالیہ تقریب میںشریک تھیں ۔ اسمبلی انتخابات کے بعد ڈاکٹر شرن پرکاش کا یہ پہلا دورہ تھا ،کو وزیر ریاستی طبی تعلیم بنائے جانے پر ان کی بکثرت گلپوشی کی گئی ۔ کانگریس قائدین نے قریہ جات میں حکومت کی جانب سے ڈاکٹر صاحب کے ذریعہ فلاحی اور ترقیاتی کاموں کی ستائش کی اوربعض دیہاتوں کے مسائل کو پیش کیا گیا جن میں رُدنور تا چنچولی اور سیڑم جانے کے راستہ کی مرمت کرنے، بس سروس کو بحال کرنے، مسجد اور عاشور خانہ کیلئے جگہ مختص کرنے کا مطالبہ شامل تھا۔۔ڈاکٹر صاحب کے ہاتھوں سمودھیا بھون کا افتتاح عمل میں لایا گیا۔یہ بھون دس لاکھ روپیوں کی لاگت سے حکومت کرناٹک نے تعمیر کیا ہے ۔ڈاکٹرشرن پرکاش نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ اور اُن کی حکومت دیہی علاقوں کی ہمہ جہت ترقی کیلئے نہایت سنجیدہ ہیں ۔مستقبل میں رُدنور اور آس پاس کے قریہ جات میں ترقیاتی کاموں کی تفصیل بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کے گئے تھے جن میں ایک روپیہ کیلوچاول کی فراہمی اوراقلیتوں کے لئے حکومت کی جانب سے بدائی اسکیم ہے، بھاگیہ شری اسکیم وغیرہ ہے ان کو فوری طور پر روبہ عمل لایا گیا ۔ منگلگی تا رُدنور کی روڈ کی درستگی کے لئے فنڈ منظور کیا گیا ہے اس کے علاوہ جلداز جلد بس سروس کی بحالی عمل میں لائی جائیگی۔

بھاگیہ شری اسکیم کے تحت سرکاری اسکولوں میں دودھ کی فراہمی کی جاری ہے۔مرکزی وزیر ریلوے ملیکا ارجن کھرگے کی جانب سے ضلعی اور ریاست گیرسطح پر ترقیاتی اور سماجی کاموں کی ستائش کرتے ہوئے ڈاکٹر شرن پرکاش نے کہا کہ ملیکارجن کھرگے نے سابق میں بحیثیت وزیر محنت اور بعد ازاں بحیثیت مرکزی وزیر ریلوے علاقہ حیدر آباد کرناٹک ، ساری ریاست کرناتک اور ملک بھر کے لئے جو عظیم خدمات نہایت قلیل مدت میں انجام دی ہیں ان سے ہر کوئی واقف ہے۔ آر ٹیکل 371Jکی منظوری میں آپ اور سابق چیف منسٹر دھرم سنگھ کی جدو جہد اور پرزور مساعی قابل ستائش ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ بہت جلد منڈیا اور گلبرگہ میں کینسر اسپیشیالٹی ہسپتال تیار کرنے کا حکومت نے عہد کیا ہے۔ اس کے علاوہ سوپر اسپشالیٹی میڈیکل کالج رائچور کی جلد کاروائی کرنے اور بلہاری ، ہُباڑو کوپل میں اسی طرح کے کالجس منظور کرنے کاوزیر موصوف نے یقین دلایا۔ ایس سی، ایس ٹی اوراقلیتی عوام کو حکومت کی جانب سے فلاحی اسکیمات جاری کرنے کا عہد کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عنقریب پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں ایسے میں عوام کام کرنے والی پارٹی کا ساتھ دیں کیونکہ بہت سی پارٹیاں صرف وعدے کرتی ہیں مگر کانگریس پارٹی وعدوں کو پورا کرنے والی پارٹی ہے۔

جس کا ثبوت آپ لوگوں کو میلکا ارجن کھرگے مرکزی وزیر ریلوے کی خدمات سے آسانی کے ساتھ ملتا ہے۔ خودمجھ پر(ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل پر) ملیکا ارجن کھرگے صاحب اور چیف منسٹر صاحب نے بھروسہ کرتے ہوئے وزیر طبی تعلیم کا باوقار عہدہ سونپا ہے ۔میں ان دونوں کے بھروسہ کوقائم رکھتے ہوئے خدمات انجام دوں گا ۔ڈاکٹر شرن پرکاش نے پارلیمانی انتخابات میں فرقہ پرست جماعتوں کو شکست دینے کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پرانھوں نے کہا کہ ردنور گائوں کے عوام کی جانب سے جو بھی مطالبات انھیں پیش کئے گئے ہیں وہ انھیں بہت جلد پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ جناب ریاض الدین آبکاری نے شکریہ ادا کیا۔،مسرزعثمان صاحب ملاں ، عبدالپنجار۔ شرن ریڈی ، ناگ ریڈی اور دیگر سرکاری وسیاسی شخصیتوں کی گلپوشی کی گئی ۔