ضلع نظام آباد چندرائن پلی کا تفصیلی دورہ اور جلسہ سے ایم پی کویتا کا خطاب
نظام آباد:22؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)چیف منسٹر چندرشیکھر رائو دیہی ترقی کیلئے سنجیدہ ہیں اور اسی کے تحت اسکیمات کو متعارف کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمنٹ نظام آباد کے کویتا نے کل ہمارا گائوں ۔ ہمارے ایم پی اسکیم کے تحت نظام آباد رورل حلقہ کے ڈچپلی منڈل کے چندرائن پلی کا تفصیلی دورہ کیا اور دیہاتیوں سے مسائل کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔مشن کاکتیہ کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ بعدازاں دیہات میں منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر دیہی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔اور اسی کے تحت اسکیمات کو متعارف کرتے ہوئے اقدامات کررہے ہیں لہذا عہدیدار اور منتخب نمائندے تال میل کے ساتھ کام کرنے کی صورت میں سنہرہ تلنگانہ کا قیام یقینی ہوگا۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر اپنی ایک منفرد شناخت رکھتے ہیں اور کئی سالوں کی جدوجہد کے بعدتلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے اور سنہرے تلنگانہ کے قیام کیلئے پیشرفت کرتے ہوئے دیہی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔ مشن کاکتیہ کیلئے 55 لاکھ اور اندلوائی سے تریمبکا پیٹا تک بی ٹی روڈ کے قیام کیلئے 1.25 کروڑ روپئے،سومیا نائیک تانڈہ سے تریمبکا پیٹا تک مزید 25لاکھ روپئے کے ترقیاتی کام کیلئے منظور کئے گئے۔ گرام پنچایت، بائونڈری وال کیلئے دو لاکھ روپئے اور دیگر اسکیمات کیلئے فنڈس کی منظوری عمل میں لائی جارہی ہے۔ شریمتی کے کویتا نے دیہاتیوں کی جانب سے کئے گئے مطالبہ پر دیہات میں سی سی روڈ، ڈرینس کی تعمیر کیلئے رکن اسمبلی باجی ریڈی گوردھن سے بات چیت کے بعد فنڈس کی منظوری کا ارادہ ظاہر کیا۔ سب اسٹیشن کا قیام اور سرویس روڈ کا قیام، مہیلا سنگم کیلئے80 ہزار روپئے اور دیگر مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا۔تلنگانہ حکومت کے قیام کے بعد انتخابات کے موقع پر کئے گئے وعدہ پر بھی عمل کیا جارہا ہے۔ بیڑی مزدوروں کو وظائف اور آسرا اسکیمات کی بھی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔دیہات میں امکنہ جات کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد اربن حلقہ کیلئے 1500 مکانات کی خصوصی طور پر منظور کیا گیا۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی حکومت مستحق افراد کو ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے ذریعہ سہولتیں فراہم کرنا چاہتی ہے۔ جبکہ سابق میں حکومت کی جانب سے منظور کردہ مکانات انتہائی ابتر ہوا کرتے تھے لیکن تلنگانہ راشٹرا سمیتی حکومت ہر حلقہ کے مستحق افراد کو ہر سال ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرکے دے گی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نظام آباد رورل باجی ریڈی گوردھن نے کہا کہ چندرائن پلی میں سب اسٹیشن کے قیام اور پینے کے پانی کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایم پی فنڈ سے فنڈس فراہم کرنے اور سی سی روڈ، ڈرینج کی تعمیر کیلئے 30 کروڑ روپئے منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس جلسہ میں ایم ایل سی وی جی گوڑ، ضلع پریشد نائب صدرسومنا ریڈی، ٹی آرایس قائدین کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔