دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین

محبوب نگر میں اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس ، عہدیداروں کے خلاف ارکان کی شکایت
محبوب نگر /4 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کے زیادہ تر دیہاتوں میں پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین ہونے کے باوجود آبرسانی اسکیمات ناکام ہیں ۔ جس کی وجہ سے ہم عوام کا سامنا کرنے کے موقف میں نہیں ہیں ۔ ضلع کے زیڈ پی ٹی سیز ارکان نے ضلع پریشد میٹنگ ہال میں منعقدہ ضلع پریشد تعمیری کاموں کی اسٹانڈنگ کونسل کے اجلاس میں یہ بات بتائی ۔ اجلاس کی صدارت ضلع پریشد چیرمین بی بھاسکر نے کی ۔ اجلاس میں زیڈ پی ٹی سیز ارکان رام کرشنا ریڈی ، بوکا ریڈی ، پربھاکر ریڈی ، پرکاش و نریندر ریڈی نے بھی مخاطب کیا اور کہا کہ اچم پیٹ کو ایک ماہ سے رامن پاڈ کا پانی فراہم نہیں کیا گیاہے ۔ جس سے عوام بڑی مشکلات میں ہیں ۔ ارکان نے پائپ لائین کی درستگی کیلئے مہینوں کا وقت ضائع کرنے کا الزام لگایا ۔ ضلع پریشد چیرمین بنڈاری بھاسکر نے بتایا کہ پینے کے پانی کی موثر فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ آر ڈی اوز کو ہدایت دی کہ ٹینکرس کے ذریعہ دیہاتوں میں پانی سربراہ کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ آر ڈبلیو ایس کاموں کیلئے رقم درکار ہے ۔ انہوں نے ناکارہ بورویلس کی مرمت کی بھی ہدایت دی ۔ اجلاس سے رکن اسمبلی شادنگر انجیا یادو ، نارائن پیٹ راجندر ریڈی نے بھی خطاب کرتے ہوئے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل پیش کئے ۔