وارناسی 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وارناسی میں نریندر مودی کا مقابلہ کے فیصلہ کے بعد عام آدمی پارٹی قائد اروند کجریوال آج اپنے انتخابی حلقہ خاص طور پر دیہاتوں میں روڈ شو منعقد کریں گے تاکہ دیہی رائے دہندوں کو راغب کیا جاسکے۔ وارناسی انتخابی حلقہ میں 5 اسمبلی حلقے شامل ہیں، توقع ہے کہ کجریوال سگرا اسٹیڈیم میں اپنے حامیوں سے ملاقات بھی کریں گے۔ اُنھوں نے کل ہی وارناسی میں مودی کا مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کجریوال پر سیاہی پھینکنے کی مذمت: ڈگ وجئے سنگھ
بھوپال 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ نے آج عام آدمی پارٹی قائد اروند کجریوال پر وارناسی میں سیاہی پھینکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ فسطائی بی جے پی کی غلط فہمی ہوسکتی ہے وہی ایسی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ اُنھوں نے کجریوال پر بھی تنقید کرتے ہوئے اُنھیں ’’نوٹنکی والا‘‘ قرار دیا جو صرف کسی ثبوت کے بغیر بکواس کیا کرتے ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ وہ کجریوال پر سیاہی پھینکنے کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ یہ فسطائیوں کا طریقہ ہے۔ بی جے پی ایک فسطائی پارٹی وہی ایسے کام کیا کرتی ہے۔