رکن اسمبلی نلگنڈہ وینکٹ ریڈی کی چیف منسٹر کو یادداشت
نلگنڈہ /26 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ نلگنڈہ میں شامل کردہ مضافاتی علاقوں کی ترقی کے لئے 100 کروڑ روپئے منظور کرنے اور غیر موسمی بارش سے متاثرہ کسانوں کے نقصانات کی پابجائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈپٹی سی ایل پی لیڈر و رکن اسمبلی نلگنڈہ کے وینکٹ ریڈی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے ذریعہ ہیلی کاپٹر نلگنڈہ پہنچے تھے۔ این جی کالج گراؤنڈ پر رکن اسمبلی نے ضلع کے زیر التواء پراجکٹوں کی تکمیل کے لئے درکار فنڈس کو منظور کرتے ہوئے ان پراجکٹوں کی تعمیر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا، تاکہ ضلع نلگنڈہ کے فلورین سے متاثرہ مواضعات کو صاف و شفاف پینے کا پانی سربراہ کیا جاسکے۔ انھوں نے مجلس بلدیہ نلگنڈہ کے اطراف و اکناف کے مضافاتی علاقوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے 100 کروڑ روپئے منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی کے ہمراہ ضلع پریشد رکن سرینواس گوڑ، ایم پی پی راما ریڈی اور دیگر قائدین بھی تھے۔