دیہی ترقی کیلئے منصوبہ بندی، 600 کروڑ روپئے مختص

پلے پرگتی پروگرام کا آئندہ ماہ سے آغاز، روزگار کی فراہمی اہم مقصد

کریم نگر۔/15مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ پلے پرگتی پروگرام کے آئندہ ماہ سے آغاز کے لئے ڈی ار ڈی اے اندرا کرانتی پتھکم عہدیدار مشاورت کررہے ہیں۔ اس اسکیم کی عمل آوری کیلئے علحدہ سے تقررات کئے جارہے ہیں۔ فی الحال اندرا کرانتی میں برسر خدمت ملازمین کو منتخب کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں خواہشمندوں سے درخواستیں حاصل کی جارہی ہیں۔ ریاست بھر میں اس اسکیم کو 100منڈلوں میں تجرباتی طور پر شروع کیا جائے گا جس کے تحت ضلع میں ایلاریڈی پیٹ، کوڈمیال، پیداپور، مہادیو پور، مہامتارم، منتھنی، ملہار منڈل میں اس پلے پرگتی کی عمل آوری ہوگی۔ بالخصوص مواضعات میں غریب بے روزگار خاندانوں کو روزگار کی فراہمی اس پروگرام کا اولین مقصد ہے۔ خود روزگار اسکیمات کرانہ دکان لگا نے مختلف روز مرہ کام آنے والی اشیاء کی تیاری، مویشی و مرغی پالن اس کی ترقی کیلئے مالی امداد کیلئے دیئے جانے والے قرض کو اقساط پر وصولی اور اس رقم پر کس قدر سود لیا جانا چاہیئے اس سلسلہ میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کی موثر عمل آوری کے لئے علحدہ سے ملازمین کا تقرر عمل میں لایا جارہا ہے۔ دو یا تین منڈلوں کو ملا کر ایک کلسٹر تشکیل دیا جائے گا اور کچھ افراد کا تقرر کیا جائے گا۔ نگرانی کیلئے کلسٹر منیجر کو منڈل کو ایک سی پی ایم سطح کے افراد کوچار پانچ مواضعات کے لئے پروگرام کی بہتر طریقہ پر عمل آوری کیلئے تقرر کیا جائے گا۔ ضلع سطح پر 4ٹیموں کی تشکیل ہوگی اور انہیں تربیت کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ گاؤں میں نشاندہی کردہ غڑیب طبقات و خاندانوں کو تربیت دی جائے گی اور روزگار کی فراہمی کیلئے ان کی اہلیت کے مطابق امداد دی جائے گی۔ روزگار کی فراہمی کیلئے ایک کمیٹی مشورہ و رہبری کیلئے ، ایک کمیٹی نگرانی کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس اسکیم سے جڑے ہوئے افراد کو فی الحال جو تنخواہ دی جارہی ہے اس کے علاوہ مزید ماہانہ 4ہزار روپئے اضافہ دیئے جائیں گے۔ یلا ریڈی میں منڈل کرشی مال کے قیام کی منصوبہ بندی ہورہی ہے۔ گاؤں گاؤں میں کرانہ شاپس کے قیام کیلئے بھی نشاندہی کی گئی ہے اور اس میں غریب20افراد کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان سب کو گروپ میں تبدیل کیا جائے گا اور مختلف منڈلوں میں کرشی مالس قائم کئے جائیں گے۔