دیہاتوں کی ترقی کیلئے کانگریس کی کامیابی ضروری

مدور میں خواجہ عارف الدین ریاستی نائب صدر اقلیتی سل کی پریس کانفرنس

مدور۔/4اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد خواجہ عارف الدین ریاستی نائب صدر کانگریس اقلیتی سل و صدر عائشہ بی میموریل ٹرٹسٹ مدور نے آج اپنے دفتر پر منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ادعا کیا کہ مجوزہ منڈل و ضلع پریشد انتخابات میں کانگریس امیدواروں کی شاندار کامیابی ضروری ہے تاکہ تما م مواضعات میں نچلی سطح سے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام انجام دیئے جاسکیں۔ کانگریس پارٹی کے دور میں ریاست میں بالخصوص حلقہ اسمبلی جنگاؤں کے تمام مواضعات میں بے شمار ترقیاتی کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں صدر پردیش کانگریس کمیٹی تلنگانہ مسٹر پنالہ لکشمیا کی زیر قیادت کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے برسر اقتدار آکر شاندار ترقیاتی اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد خواجہ عارف الدین نے علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے صدر کانگریس سونیا گاندھی، وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، راہول گاندھی کا ناقابل تسخیر کارنامہ قرار دے کراظہار تشکر کیا اور کہا کہ زائد از 60سالہ پرامن و منظم جدوجہد کے باعث تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی جنگاؤں کے عوام بالخصوص پسماندہ طبقات، دلت و مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ مجوزہ منڈل و ضلع پر انتخابات کے دوران تمام مواضعات میں کانگریس امیدواروںکو بھاری اکثریت میں ووٹ دے کر کامیاب بنائیں اور ریاستی صدر پنالہ لکشمیا و پنالہ ویشالی مرلی کرشنا کے ہاتھ مضبوط کریں۔ ریاستی نائب صدر اقلیتی سل کانگریس جناب محمد خواجہ عارف الدین نے اس موقع پر توقع ظاہر کی کہ ان کے آبائی منڈل مدور میں کانگریس پارٹی مدور ضلع پریشد نشین کے علاوہ زائد از 8منڈل نشستوں پر کامیاب ہوکر صدر منڈل پریشد مدور کے عہدہ پر قبضہ کرلے گی۔اس موقع پر سینئر کانگریس قائدین راچا کنڈہ ایلیا سابق ایم پی ٹی سی، تاج محمد رکن مارکٹ کمیٹی، محمد شوکت رئیس، ممتاز حسین، وجئے کمار، جناب محمد عبدالباری صدر مساجد کمیٹی مدور، محمد جمال الدین پرویز اور دیگر موجود تھے۔