شاد نگر میں بی ٹی روڈ کا سنگ بنیاد، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندرریڈی کا خطاب
شاد نگر۔/6 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی کے ہاتھوں شاد نگر تامکتا مادارم 48کروڑ روپیوں سے تعمیر کی جانے والی بی ٹی روڈ کا سنگ بنیاد رکھاگیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے سنگ بنیاد تقریب کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ منڈل سے دیہی علاقوں، ضلع سے منڈلوں، ضلعی سطح سے ریاستی سڑکوں کو جوڑنے والی پنچایت راج ، آر اینڈ بی روڈز کیلئے تلنگانہ حکومت نے کروڑہا روپئے منظور کرتے ہوئے عوام کو سفر کیلئے آمد ورفت کی سہولت مہیا کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع رنگاریڈی میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے 566 کروڑ روپئے 344 کیلو میٹر کیلئے منظور کئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے سماج کے ہر ایک طبقہ کو ترقی فراہم کرنے کیلئے منفرد اسکیمات کو روبہ عمل لاتے ہوئے ترقی فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کررہی ہے۔ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت عوامی سہولتوں اور ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے ترقی فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی اسکیمات سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا۔ ریاست بھر کی عوام کے چہروں پر خوشحالی دیکھنے کیلئے تلنگانہ حکومت عملی اقدامات کررہی ہے۔ تلنگانہ حکومت کا اہم مقصد عوام کی ترقی اور ریاست کو ترقی فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر مقامی ٹی آر ایس پارٹی قائدین اور مختلف محکمہ جات کے سرکاری عہدیدار اور مقامی عوام موجود تھی۔