دیہاتوں میں تعلیم بالغان مراکز کا قیام

نظام آباد۔یکم مئی ( فیکس) علم دین کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے ‘تعلیم کیلئے کوئی حد یا عمر مقرر نہیں ہوتی ‘تعلیم بچوں کیلئے جوانوں اور بوڑھوں کیلئے فرض ہے ۔زیادہ عمر ہونے پر شرمانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ یہ آخرت کیلئے تیاری ہے ۔ قرآن پڑھنا اور سیکھنا اور وضو نماز کے مسائل سے واقف ہونا اور عملی تربیت حاصل کرنا ضروری ہے ۔ صبح سے شام تک مصروف کاروبار تجارت ملازمت محنت مزدوری میں مشغول رہتے ہیں ۔ بے دین اور بے عمل دنیا سے جاؤ گے تو قبر کے اندھیروں اور آخرت کے حساب کتاب میں کوئی مدد نہیں کرے گا ۔ بچپن میں تعلیم حاصل نہیں کئے جوانی یا بڑھاپے میں حاصل کرنا ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد نعیم الدین خادم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات و سابق خادم الحجاج نے تعلیم بالغان سنٹر کے افتتاح مسجد خلیل بودھن روڈ نظام آباد میں مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ مزید انہوں نے کہا کہ دکانیں ‘ ہوٹلس ‘ بس لاری آٹو ڈرائیورس کام کرنے والے مزدور حضرات کم پڑھے لکھے اور غیر پڑھے لکھے ہوتے ہیں ۔ انہیں آپ اپنے ساتھ لائیں انشاء اللہ آپ قرآن پڑھیں بہت آسان ہے ‘ جوان اور بڑھے ہوکر بھی آپ سیکھ سکتے ہیں ۔ روزمرہ کلمے ‘ دعائیں ‘ تسبیحات طور طریقے کی سنتیں یاد کرلیں اور نمازوں کی پابندی پانچ وقت کرتے رہیں اور بالخصوص بچوں کو سات سال سے نماز کی عادت ڈالیں اور دس سال سے نماز نہ پڑھیں تو ماریں اور بستر الگ کریں ۔ اس فارمولے کے ذریعہ سے عیسائی مشنری اور قادیانی مشنری اور گھر واپسی جیسے پروگرام ناکام ہوجائیں گے ۔ یہ غرباء آبادیوں میں اور دیہاتوں میں چلائیں جائیں گے چونکہ بے عمل غیر پڑھے لکھے اور کم پڑھے لکھے حضرات شہروں اور دیہاتوں میں ان مشنریوں کا شکار ہوتے ہیں ۔ انشاء اللہ اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات محلہ واری سطح پر اور دیہات دیہات تعلیم بالغان اور تعلیم بالغات سنٹرس قائم کریں گے اور دیگر جماعتیں اور ادارے اس جانب خصوصی توجہ دیں اور ملت کا اہل ثروت اور مالدار طبقہ ٹیچرس کی تنخواہوں کا انتظام کریں ۔ اس موقع پر حافظ خواتجہ عتیق رحمن نے قرآن حکیم کی تلاوت کی اور رقت آمیز دعا کی ۔