دیگلور 26 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست مہاراشٹرا میں 23 جون سے پلاسٹک کی اشیاء کیری بیاگ کے استعمال کے خلاف حکومت کی جانب سے اعلامیہ جاری ہونے کے بعد دیگلور شہر اور تعلقہ میں تمام چھوٹے بڑے تاجرین، ٹھیلے والے، ترکاری فروشوں اور عوام الناس میں خوف و ہراس کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔ اس پلاسٹک اور کیری بیاگ کا استعمال کرنے والوں کے خلاف کم از کم پانچ ہزار کا جرمانہ وصول کرنے کے لئے یہاں میونسپل کونسل دیگلور کی ٹیم رسید بُکس لے کر جگہ جگہ تلاشی کررہے ہیں اور دیہات دیہات گرام سیوک، وی ڈی اوز، تلاٹھی، آر آئی بھی متحرک ہوگئے ہیں۔ 26 جون کو دیگلور کے ایک رام دیو جنرل اسٹورس پر دھاوا کرکے پلاسٹک کے گلاس کارٹون اور کیری بیاگس کا اسٹاک میونسپل حکام نے ضبط کرلیا ہے۔ دوکان مالک کیسارام چودھری دیگلور کے خلاف پانچ ہزار روپئے جرمانہ عائد کرکے رسید کاٹی گئی۔ چیف آفیسر نلیش سونکے واڑ نے یہ بات بتائی۔