دیپیکا کماری نے عالمی ریکارڈ مساوی کردیا

نئی دہلی ۔ 27 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی صف اول کی نشانہ باز دیپیکا کماری جو رواں برس کے اوائل پدم شری ایوارڈ بھی حاصل کرچکی ہیں ، نے آج آرچری ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ نشانات حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ مساوی کردیا ہے ۔ دیپیکا نے 720 نشانات میں سے 686 نشانات حاصل کرتے ہوئے 2015 ء ورلڈ کپ میں جنوبی کوریائی نشانہ باز کی بو بائے کی جانب سے سب سے زیادہ نشانات حاصل کئے جانے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے ۔ رواں سال دیپیکا کا یہ ایک اور کارنامہ ہے ۔ یاد رہے کہ 2012 اور 2013 ورلڈ کپ میں سلور میڈل حاصل کرنے والی دیپیکا پہلے ہی ریوو اولمپکس میں اپنی رسائی یقینی بنالی ہے ۔ 21 سالہ دیپیکا کماری جو 2010 ء کامن ویلتھ گیمس میں انفرادی اور گروپ زمرے میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے اور 2010 ء ایشین گیمس میں وہ انفرادی زمرے کے علاوہ گروپ زمرے میںبرونز میڈل حاصل کرچکی ہیں۔ گزشتہ برس کوپن ہیگن میں منعقدہ ورلڈ چمپیئن شپ میں شاندار مظاہرے کے بعد دیپیکا کماری کو ریوو اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔