پالیمبنگ۔20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نشانے باز دیپک کمار نے18 ویں ایشیائی کھیلوں کے دوسرے دن پیر کے روز مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل مقابلے میں سلور میڈل حاصل کیا جو ان کھیلوں میں ہندوستان کا تیسرا میڈل ہے ۔ہندوستان کو مقابلوں میں پہلے دن نشانے بازی میں اپوروی چندیلا اور روی کمار کی جوڑی نے 10 میٹر ایئر رائفل مکسڈ ٹیم مقابلے میں برونز کی صورت میں ان کھیلوں کا پہلامیڈل دلایا تھا۔اس سے قبل صبح کوالیفکیشن میں روی نے 626.7 کے اسکور کے ساتھ چوتھے مقام پر رہ کر جبکہ دیپک نے 626.3 کے اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہ کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ فائنل میں دیپک نے 247.7 کا اسکور کرتے ہوئے سلورمیڈل حاصل کیا۔ چین کے ہاؤرن یانگ نے ایشیائی کھیلوں میں ریکارڈ بناتے ہوئے249.1 کے اسکور کے ساتھ گولڈمیڈل پر قبضہ کیا۔اگرچہ ہندوستانی نشانے باز روی پہلے دن کی کارکردگی کو دہرا نہ سکے اور وہ205.2 کے اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہ کر میڈل سے محروم ہوگئے جبکہ چینی تائیپے کے شاؤ چوآن لو نے 226.8 کے اسکور کے ساتھ برونزمیڈل حاصل کیا۔ لو نے تیسرے مقام کے شوٹ آف میں 10.9 کے قریبی پرفیکٹ اسکور کے ساتھ پوڈیم پر جگہ بنائی۔31سالہ دیپک نے اس سے قبل سال 2018 کے گوادالازرا میں ہوئے آئی ایس ایس ایف عالمی کپ میں مہیلی گھوش کے ساتھ 10 میٹر ایئر رائفل مکسڈ ٹیم مقابلے میں برونزمیڈل حاصل کیا تھا۔ انہوں نے2017 کے برسبین دولت مشترکہ چمپئن شپ میں انفرادی برونزمیڈل جیتا تھا۔2018 کے ایشیائی کھیلوں میں یہ ہندوستان کا کسی بھی مقابلے میں پہلا میڈل بھی ہے ۔دوسری جانب ہندوستانی خاتون باسکٹ بال ٹیم نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ دہراتے ہوئے 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں پیر کو لگاتار اپنی تیسری شکست کا سامنا کیا جہاں اسے متحدہ کوریائی ٹیم نے 105۔54 سے شکست دی۔ایشیاڈ میں خواتین کی باسکٹ بال 5×5 مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو اب تک اپنے تینوں میچوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اسے اس سے قبل چینی تائیپے نے 61۔84 اور قزاقستان نے 61۔79 سے شکست دی ہے۔ یہ متحدہ کوریا کی تین میچوں میں دوسری کامیابی ہے ۔کوریا کے خلاف ہندوستانی ٹیم شروع سے ہی کمزور ثابت ہوئی اور پہلے کوارٹر میں اسے 12۔22 سے ہار ملی۔ دوسرے کوارٹر میں اس نے مزید خراب کھیل دکھایا اور وہ 10۔27 سے ہارگئی جبکہ باقی دوکوارٹر میں 17۔25، 15۔30 سے مقابلہ گنوا بیٹھی۔ ہندوستان کے لئے مدھو کماری نے سب سے زیادہ 14 پوائنٹ حاصل کئے جبکہ جینا سکاریا نے لگاتار دوسرے دن بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے11 پوائنٹ کا اضافہ کیا۔تائیپے کی ٹیم فی الحال پول میں سبھی میچ جیت کر سرفہرست ہے جبکہ متحد کوریا دوسرے اور قزاقستان تیسرے مقام پر ہے ۔ ہندوستان پول میں چوتھے اور انڈونیشیا پانچویں مقام پر ہے ۔ پول میں جاپان نے تین میچوں میں سے دو میچ جیتے ہیں۔