بی جے پی کے سابق چیف منسٹر یدی یورپا کا ریمارک
بنگلورو۔ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کرناٹک بی جے پی بی ایس یدی یورپا نے آج چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کو ملک کے نہایت موقع پرست سیاست داں قرار دیا اور انہوں نے کسانوں کے مسائل پر ریاست کی جے ڈی ایس ۔ کانگریس حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ چہارشنبہ کو ریاست گیر ایجی ٹیشن کی اپیل کے ذریعہ کسانوں کے کاز کو اپنی پارٹی کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے یدی یورپا نے الزام عائد کیا کہ دیوے گوڑا اور کمارا سوامی نے دغا بازی کے عکاس ہیں۔ یدی یورپا نے کمارا سوامی کے ایک ریمارک پر بھی نکتہ چینی کی جو اتوار کو بیلگاوی میں احتجاج کرنے والی خاتون کسان کے ساتھ کیا گیا۔ یدی یورپا نے کہا کہ چیف منسٹر کی طرف سے استعفیٰ کا ناپسندیدہ ریمارک خاتون کسان کے خلاف کرنا شرمناک ہے۔ احتجاجی کسانوں کو غنڈے اور ڈاکو کہنا بھی تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔ خاتون کے خلاف چیف منسٹر کے ریمارکس کو اہانت آمیز قرار دیتے ہوئے یدی یورپا نے کہا کہ کمارا سوامی بے شرمی سے اس کا دفاع کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔