محبوب نگر۔/21مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر کے ویژن گارڈن میں منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر برائے پنچایت راج کے تارک راما راؤ نے کہا کہ مرکز کی لاپرواہی سے ہی تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے۔ انہوں نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے آندھرا تلنگانہ کو الاٹ کرنے میں 90 منٹ میں ہونے والے کام کیلئے 9ماہ ہونے کے باوجود پورا نہیں ہوسکا ہے۔ انہوں نے علحدہ ہائی کورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ مرکز کو چاہیئے کہ اس ضمن میں فوری احکامات جاری کرے۔ ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ ریاست میں تمام طبقات کے عوام میں فلاحی اسکیمات کے ثمرات پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے ٹی آر ایس کے ایم ایل سی امیدوار دیوی پرساد کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی، پارلیمنٹری سکریٹری و مقامی ایم ایل اے سرینواس گوڑ، اے پی جتیندر ریڈی ایم پی، ضلع پریشد چیرمین بنڈاری بھاسکر و دیگر موجود تھے۔