دیوگڑھ عدالت میں گری راج سنگھ کی درخواست ضمانت مسترد

دیوگڑھ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بہار بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ نے قبل ازگرفتاری درخواست ضمانت داخل کی تھی جسے مقامی عدالت نے مسترد کردیا۔ اِن کی مبینہ نفرت انگیز تقریروں کے خلاف الزامات پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دیو گڑھ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج پنکج سریواستو نے گری راج سنگھ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کے ایک ہفتہ بعد درخواست کو مسترد کردیا۔ قبل ازیں بوکارو کی ایک عدالت نے بھی گری راج سنگھ کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا تھا۔ لیکن جھارکھنڈ ہائیکورٹ نے کل ہی ان پر عائد کردہ تمام الزامات کو کالعدم کردیا ہے۔ بی جے پی لیڈر کے خلاف18 اپریل کو اشتعال انگیز تقریر کرنے پر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ اُنھوں نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ جو لوگ بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی مخالفت کررہے ہیں اُن کے لئے ہندوستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔