دیوالی کے بعد شروع ہوجائے گا رام مندر تعمیر کا کام : وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ ، چاہے کچھ بھی ہوجائے بابر کے نام کی ایک اینٹ بھی یہاں رکھنے نہیں دیں گے ،نائب وزیر اعلی 

راجستھان : اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ نے راجستھان میں گذشتہ روز ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رام مندر کا کام جلد شروع ہوگا۔ یوگی ادتیہ ناتھ نے ملک بھر کے لوگوں سے اپیل کی کہ رام مندر تعمیر کیلئے وہ ۶؍ نومبر کو اپنے گھروں میں رام کے نام کا دیا جلائیں ۔یوگی ادتیہ ناتھ نے کہا کہ مذہبی مقامات عبادت کے لئے نہیں بلکہ ملکی اتحاد کی علامت ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ رام کے نام پر آپ کی خواہش کیا ہے ، آپ کے احساسات کو عملی جامہ پہنایا جائے اس کیلئے ملک بھر کے ہر گھر میں ۶؍ نومبر کو رام رام کا ایک دیا جلنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کے بعد رام مندر کی تعمیر کا آغاز ہوجائے گا۔اسی دوران اترپردیش کے نائب وزیراعلی کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر ہوکر رہے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے بابر کے نام کی ایک اینٹ بھی یہاں رکھنے نہیں دیں گے ۔

نائب وزیر اعلی نے کہا کہ ایودھیا میں خوبصورت رام مندر کی تعمیر روکنے کیلئے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی ۔ واضح رہے کہ رام مندر۔ بابری مسجد معاملہ فی الحال سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں ۔