دیوار پر سر مارنے والا بنگلہ دیشی سوپرفین انگلینڈ پہنچ گیا

لندن۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے سوپر فین شعیب علی ورلڈ کپ میں بھی بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے موجود ہوں گے۔ 31 سالہ شعیب اپنے پورے جسم پر شیر جیسا رنگ کراکر ٹیم کی حمایت کرتے ہیں، وہ بنیادی طور پر ایک کار مکینک ہیں، ٹیم کی حمایت کرنے کے اس جنون سے متعلق انھوں نے کہا کہ ایک بار شہادت حسین کی گاڑی ٹھیک کی تو انھوں نے بنگلہ دیش میں ہونے والے ایک ایشیا کپ میچ کا ٹکٹ دیا جس میں میزبان نے ہندوستانی ٹیم کو مات دی جس کے بعد میں نے زیادہ سے زیادہ میچز دیکھنے کا فیصلہ کیا۔ ایک مرتبہ اپنی دستاویزات ڈھاکہ ایرپورٹ پر بھول جانے کی وجہ سے زمبابوے میں امیگریشن حکام نے مجھے واپس بھیجنے کو کہا جس پر 10 ڈالر رشوت دے کر ٹیم عہدیداروں سے بات کی اور وقت حاصل کرنے کیلیے اپنا سر دیوار پر مارکر خود کو زخمی کردیا، اگلے روز میرے کاغذات پہنچ گئے۔ شعیب علی نے کہاکہ میں زیادہ تر جن میچز میں شریک ہوا، اس میں بنگلہ دیشی ٹیم کو کامیابی ملی اور مجھے ورلڈ کپ میں بھی اپنی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔