دین کی حفاظت کیلئے سیرت نبویﷺ کا مطالعہ ضروری

جامع مسجد اوٹکور میں جناب احمد خاں یوسف زئی جماعت اسلامی کا خطاب
اوٹکور /3 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جامع مسجد اوٹکور میں ناظم ضلع مغرب جماعت اسلامی محبوب نگر جناب احمد خاں یوسف زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہند ایک انقلابی جماعت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اوٹکور میں ایک خطاب عام بعنوان ’’سیرت النبیﷺ‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا، جس کی تاریخ کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ انھوں نے کارکنان اور ذمہ داران جماعت سے کہا کہ اس ماہ جنوری میں سیرت النبیﷺ کا جلسہ منعقد کرکے غیر مسلم بھائیوں میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کو عام کریں۔ انھوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ میں خوشی، غمی، کامیابی، ناکامی، پیدائش و وفات، خواب و بیداری، آپسی ملاقات، عبادت و بندگی، لین دین، تجارت و کاروبار، طہارت و نظافت، جنگ و امن اور عدل و انصاف کی رہنمائی موجود ہے، اسی لئے قرآن مجید میں فرمایا گیا کہ ’’رسول کی زندگی تمہارے لئے بہترین نمونہ ہے‘‘۔ انھوں نے خاص طورپر نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنے ایمان کی حفاظت کے لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کریں اور دشمنان دین کی شرانگیزیوں سے بچنے کے لئے سیرت نبویﷺ کا مطالعہ کریں۔ قبل ازیں امیر مقامی جماعت اسلامی جناب عبد الخالق کلوال نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ اس ماہ جنوری میں سیرت النبیﷺ کے جلسہ عام کے لئے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اس خطاب میں اوٹکور کے علاوہ نارائن پیٹ، مریکل، مکتھل، پورلہ خورد، پورلہ کلاں اور گندامال کے افراد بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس کا آغاز حافظ افتخار کی قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ جناب محمد منظور احمد گنتہ رکن جماعت اسلامی کی دعاء پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔