دین وملت کی آبیاری میں خادمین امت کی سرگرمیاں قابل ستائش

ناندیڑ۔12 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جوش ایمانی، عزائم کی بلندی، حق گوئی و بے باکی، امنگ اور آرزوؤں بھرے ماحول میں خادمین اُمت کے سیرتؐ پروگرام -۷ کے ضمن مین عظیم الشان جلسہ سیرت النبی ؐ و تقسیم انعامات کا شاندار اورکامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ یہ بامقصد اجلاس ۹؍فروری ۲۰۱۴ء؁ کو ایم ۔جی۔ آر گارڈن ناندیڑ پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مفتی محمد کوثر آفاق نے کی۔ جناب محسن خان پٹھان مہمان خصوصی موجود رہے۔ برادر اعجاز قریشی نے تلاوت قرآن پیش کی۔ محمد اسماعیل اورجناب عبدالاعلیٰ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ خادمین اُمت کے معتمد برادر محمد داؤد نے روداد سیرتؐ پروگرام پیش کی۔

ناندیڑ، پربھنی اور ہنگولی سے طلبا وطالبات ، اساتذہ وسرپرستوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ خادمین امت کے امیر جناب عابد خان نے تنظیمی خطاب میں طلبا وطالبات کو مبارکباد دی اور بالخصوص مخاطب ہوکر کیا کہ بغیر مقصد کی زندگی جینا یہ مومن کی شان نہیں ہے۔ ان عمروں میں اسلامی تعلیمات سے بہرآور ہوکر دین اسلام کیلئے سخت محنتیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اساتذہ و سرپرستوں سے پُرزور انداز میں یہ بات کہی کہ جہاں ہم اپنے بچوں کی دنیا بنانے کیلئے عرق ریزی کرتے ہیں وہیں انہیں دین اسلام کی آبیاری کیلئے بھی تیارکریں تاکہ آج سسکتی بلکتی امت اور انسانیت کو امن وسکون اور راحت نصیب ہو۔ اپنے صدارتی خطاب میں مفتی محمد کوثر آفاق صاحب نے اپنے زریں خطاب سے سامعین کو مستفید کیا۔ حضرت ابن عباسؓ اور ماں حضرت عائشہ حمیرہ ؓ کی سیرت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یہ حضرات گرامی خاص کر آپؐ کی تربیت میں رہے اور دین اسلام کی بیش بہا خدمت کی۔ انہی کی سیرت کو سامنے رکھ کر اساتذہ وسرپرستوں کو اپنے نونہالوں کی تربیت کرنی چاہیے۔ موصوف نے خادمین امت کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایک چھوٹی سی جمعیت کے ذریعے دین وملت کی آبیاری کیلئے جو سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ بعداز اں اعزازات وانعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ شہر ناندیڑ میں صحافت کے ذریعے اُردو کی ترقی وترویج نیز ملی مسائل کو پیش کرتے ہوئے عوامی بیداری کاکام کررہے اُردو و ہندی اخبارات کے مدیران ونامہ نگاروں کو تہنیت پیش کی گئی۔ تنظیم کی سرگرمیوں میں بیش بہا ء رول ادا کرنے والے ارکان اعجاز حسین قریشی، ندیم خان، محمد منیر، ندیم خان اور محمد اسماعیل کے علاوہ محترمہ فرحت فاطمہ وسلمیٰ بیگم کوBest Serviceکا اعزاز دیاگیا۔ ہرسال کی طرح اس سال بھی مثالی معلم وصحافی کے اعزازات دیئے گئے۔ بہتر تدریس و سماجی وملی خدمات کیلئے ناندیڑ سے نارائن چدراوار پرائمری اسکول دیگلور کے جواں سال معلم جناب عبدالمنان عبدالسلیم، ہنگولی سے شنکرراؤ چوہان اُردوہائی اسکول کے متحرک استاد جناب محمد ادریس محمد یونس اور پربھنی سے ضلع پریشد پرائمری اسکول گنگا کھیڑ کے فعال اور اساتذہ کے مسائل کیلئے جدوجہد کرنے والے مہاراشٹرراجیہ اُردو الپ سنکھیانک شکشک سنگھٹنا کے بانی وریاستی صدر جناب سید مہتاب سید ابراہیم کو مثالی معلم کا ’’ابن عباس ؓایوارڈ‘‘ دیاگیا۔

بہترین اسکول انتظامیہ ، دینی وملی لحاظ سے طلباء کی تیاری کیلئے کاوشوں پر ناندیڑ سے اقراء ہائی اسکول کی صدر معلمہ محترمہ عاکفہ شاہین زوجہ حسام الدین اور پربھنی سے فاراں اُردو ہائی اسکول کی صدر معلمہ محترمہ صدیقی فاریحہ محمد علیم الدین کو مثالی معلمہ کا ’’ماں حضرت عائشہ حمیرہ ؓ‘‘ ایوارڈ دیا گیا۔ صحافت کے میدان میں ہندی ہفت روزہ ابوالکلام کے ذریعے ملی مسائل کو بے باکی سے پیش کرنے نیز غیر اُردو داں طبقہ تک ملت کی آواز ، اسلامی تعلیمات کو پیش کرنے اور مختصر مدت میں تیز رفتار ترقی پر جواں سال مدیراعلیٰ جناب یاسر نواب کو ایک بار پھر ’’آفتاب صحافت‘‘ کا ایوارڈ دیاگیا۔ پربھنی سے جناب سید یوسف الدین کو طویل مدت سے صحافت کے میدان میں بہترین کارکردگی پر ’’آفتاب صحافت‘‘کا ایوارڈ دیا گیا۔ سیرت ؐ پروگرام -۷ کے تحت منعقدہ دوڑ، کبڈی، رسی، میموری گیم، سیرتؐ کوئز اور لیکچر سیریز میں شریک 1888طلباء وطالبات میں سے کامیاب وفتح یاب طلبا وطالبات کو ذمہ داروں کے ہاتھوں انعامات و اسناد عطا کئے گئے۔ زائد از 300انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ طلبہ کا جوش وخروش اور مسرت نیز اولیائے طلبہ کی خوشی قابل دید تھی۔ لیکچر سیریز کے کامیاب طلبہ کے اسناد ان کے مدارس میں روانہ کیے جائیں گے۔ مفتی کوثر آفاق کی دُعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔ اجلاس کی کامیابی میں سید دستگیر، عبدالسلام، محمد مہیب، محمد مجاہد ،نورپاشاہ، سید جمیل، عبدالواجد، مبین خان، محمد زاہد، محمد مہروز ، رضوان خان، محمد نعمان، شیخ ندیم ، محمدعامر، محمد وقارالدین کے علاوہ محترمہ عصمت نواز، ریشما پروین ، ننھی ارکان جویریہ عندلیب، ریحانہ صدف، صبا پروین ، اقصیٰ ارم ودیگر نے کافی محنت کی۔
٭ ٭ ٭