دینی مدارس کے طلباء کو بھی مساوی حق

عادل آباد ۔ /15 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے ایسے دینی مدارس انتظامیہ جو RVM کے تحت مقرر کردہ والینٹرس کو تعلیم دینے سے گریز کرتے ہوئے نصف ماہانہ اجرت حاصل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔ ان مدارس کی نشاندہی کرنے کی ہدایت ضلع مہتمم تعلیمات مسٹر اکرم اللہ خاں نے پانچ روزہ تربیت حاصل کرنے والے والینٹرس کے تربیتی اجلاس کے موقع پر دی ۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ پراجکٹ ڈائرکٹر راجیو ودیا مشن حیدرآباد کی ہدایت پر SSA ‘ RVM کے تحت جاریہ سال دینی مدارس میں درس دینے والے والینٹرس کو مستقر عادل آباد کے گورنمنٹ ہالئی اسکول بالک مندر میں تربیت سے آراستہ کیا جارہا ہے ۔ جس میں نرمل ‘ کاغذ نگر ‘ جنبور اور عادل آباد کے دینی مدارس میں عصری تعلیم سے آراستہ کرنے والے 26 خواتین کے منجملہ 30 والینٹرس نے شرکت کیا ۔ پانچ روزہ تربیت کے دوران قیام و طعام کی سہولت بھی بالک مندر ہائی اسکول میں فراہم کی گئی ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر مسٹر اکرم اللہ خان نے اپنی ہدایات و مشاورت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم فراہم کرتے ہوئے انہیں سماج میں دیگر طبقات کے ساتھ برابر کا حق دلارہی ہے ۔ دینی مدارس کے طلباء بھی عصری تعلیم جس میں سائینس ‘ حساب ‘ انگریزی اور کمپیوٹر تعلیم حاصل کرنے میں اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ طلباء کو تعلیم کے علاوہ کھیل کود میں دلچسپی پیدا کرنے کی غرض ’’ اسپورٹ میٹریل‘‘ بھی فراہم کیا جاتا ہے ۔ دینی مدارس کے طلباء کو عصری تعلیم کے بعد اوپن اسکول سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جائے گا جس سے وہ انٹرمیڈیٹ امتحان تحریر کرنے کے قابل رہیں گے ۔ اس موقعہ پر مسٹر اکرام اللہ خان نے ضلع کے دینی مدارس انتظامیہ سے خواہش کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی عصری تعلیم سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے طلباء کو زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی کریں ۔ جبکہ اس افتتاحی تقریب میں RVM پراجکٹ آفیسر مسٹر اے وی ڈی نارائنہ ‘ صدر مدرس بالک مندر ہائی اسکول مسٹر سلیم الدین ‘ اسٹیٹ اکیڈیمک مانیٹرینگ آفیسر مسٹر نسیم شریف ‘ مسٹر ثروت عالم ‘ نعمان ارشد ‘ محمد ضیاء الدین وہ دیگر اساتذہ بھی موجود تھے ۔