دینی مدارس کا تحفظ تمام مسلمانوں کی ذمہ داری

کریم نگر جماعت اسلامی کا اجتماع ‘ جناب محمد خیر الدین کا خطاب
کریم نگر 3مارچ (فیاکس)جماعت اسلامی ہند شہر کریم نگر کی جانب سے یکم مارچ اتوار بمقام جامعہ اسلامیہ ریکرتی کریم نگر صبح دس بجے سے تربیتی اجتماع منعقد کیا گیا۔ جناب محمد خیر الدین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند کریم نگر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ دین کے قلعہ ہیں اور اس کی ترقی و ترویج ہم سب کی ذمہ داری ہے کیونکہ آج یہ مدارس دینیہ ہی کی مرہون منت ہیکہ آج نماز پڑھانے کیلئے ائمہ دستیاب ہیں جماعت اسلامی ہند کے مختلف اہداف ہیں جس میں ترجیح اول غیر مسلموں میں تبلیغ اسلام اور دعوت دین کو پہچانا تا کہ غیر مسلمانوں میں اسلام اور مسلمانوں کے تعلق سے جو غلط فہمیاں پیدا کی گئی ہیں ان کا تدارک ہوسکے جس کے تحت ایک ہزار غیر مسلموں تک اسلامی لٹریچر پہنچایا جارہا ہے ۔ مولانا انصار ندوی نے تحریک اسلامی کے فروغ میں مدارس و مساجد کے کردار کے عنوان پر مخاطب کیا۔ اسلام کا پہلا مدرسہ صفہ تھا جو مسجد نبویؐ کا ایک حصہ تھا ۔ خلفائے راشدین نے جہاں پر بھی خلافت کی وہاں پر مدارس اور مساجد کا قیام عمل میں لایا پہلے مساجد ہی مدارس کا کردار ادا کرتی تھیں ۔ ہندوستان میں جامع مسجد دہلی اور دوسرے مساجد میں مدارس ہوا کرتے تھے اس کا ثبوت وہاں پر موجود 100 تا 150 کمرے موجود ہیں۔ آج کل جماعت مساجد اور مدارس کا قیام عمل میں لارہی ہے یہ دوہی ایسے ذرائع ہیں جن سے تحریک اسلامی کو افراد مل سکتے ہیں۔ جناب عبدابو جندل خان نے جامعہ اسلامیہ کی رپورٹ پیش کی ۔ جامعہ کا قیام چار سال قبل ہوا ۔ اب تک 6 طلباء نے اپنا حفظ مکمل کیا الحمد اللہ اس میں 60 طلباء زیر تعلیم ہیں ۔ اس سال جامعہ اپنی ذاتی عمارت میں جو نیچے تعمیری کام مکمل ہوا اس میں تعلیمی و تدریسی کام شروع کرے گا ۔ اوپری منزلہ عمارت زیر تعمیر ہے ۔ جس میں طلباء کے قیام و طعام کا بھی انتظام رہے گا ۔ جناب معز الدین خان نے اتفاق فی سبیل اللہ پر تقریر فرمائی ۔ اجتماع کا آغاز جناب عبدالحمید مظاہری کے درس قرآن سے ہوا ۔ اس پروگرام میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور جناب حبیب اللہ خان صاحب نے کنوینر کے فرائض انجام دیئے ۔ جناب محمد خیر الدین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند کریم نگر کی دعا پر اجتماع اختتام کو پہنچا ۔