اوٹکور /21 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جامعہ عائشہ سلفیہ اوٹکور کا نواں سالانہ جلسہ زیر صدارت مولانا عبدالحنان جامعی، بانی جامعہ عائشہ سلفیہ منعقد ہوا ۔ جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا عبدالقیوم عمریؔ داعی ( مبلغ اسلام ) جامعہ دارالسلام عمرآباد ( ٹاملناڈو ) نے شرکت کی ۔ جلسہ کا آغاز حنا بیگم طالبہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ منہاج و ثناء نے حمد باری تعالی پیش کی ۔ بعد طالبات نے مختلف عنوان پر اپنا علمی مظاہرہ پیش کیا ۔ طالبات کے علمی مظاہرہ کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے مہمان مقرر مولانا عبدالقیوم عمری، داعی مبلغ اسلام جامعہ دارالسلام عمرآباد نے کہا کہ جو طالبات دینی تعلیم حاصل کر رہی ہیں وہ احساس کمتری کا شکار نہ ہوں ۔ کیونکہ آپ ہی دین کی خاطر اللہ کے پاس چنندہ طالبات ہیں ۔ آپ کی تعلیم پوری قوم کی تعلیم ہے ۔ طالبات اخلاس کے ساتھ تعلیم حاصل کریں ۔ ورنہ ہماری تعلیم نفع بخش نہیں ہوگی ۔ مولانا نے کہا کہ آج کے پُرفتن ماحول میں لڑکیوں کا دینی تعلیم حاصل کرنا بے حد ضروری ہے اور تعلیم ہی سے ماحول و معاشرہ کو پرامن بنایا جاسکتا ہے ۔ طالبات ایسی صلاحیت پیدا کریں کہ باطل کا ہر جھونکا غبار بن جائے ۔ شیطان کا ہر حیلہ کافور ہوجائے ۔ موصوف نے کہا ’’ وہی ہے واہ تیرے عزم و شوق کی منزل جہاں ہے عائشہؓ و فاطمہؓ کے نقش قدم ، اس اجلاس کی کارروائی مولانا محمد شریف فیضی ناظم جامعہ نے چلائی ۔ اس موقع پر جناب ضمیر علی امرچنتہ ۔ جناب محمد بہادر خان عبدالرشید ، محبوب علی رنگریز محمد پاشاہ دیسائی معین الدین محمد اسماعیل شولاپور کے علاوہ اولیاء طالبات و خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ بعد طالبات کو انعامات سے نوازہ گیا ۔ مولانا شریف فیضیؔ کے شکریہ کلمات پر اجلاس اختتام ہوا ۔