انا ڈی ایم کے پارٹی نے باغی لیڈر دیناکرن کے حامی9 عہدیداروں کو برطرف کردیا
چینائی 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) برسر اقتدار آل انڈیا انا ڈی ایم کے نے الزام عائد کیا ہے کہ حریف گروپ کے لیڈر ٹی ٹی وی دیناکرن اور اپوزیشن ڈی ایم کے کے درمیان خفیہ مفاہمت ہوئی تاکہ آر کے نگر کے ضمنی چناؤ میں اسے شکست دی جاسکے۔ جس نے حاشیہ پر کردیئے گئے پارٹی لیڈر فاتح بن کر اُبھرے۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ اسٹالن اور دیناکرن کی سازش سے حاصل کردہ جیت انا ڈی ایم کے پر کوئی اثر نہیں ڈالے گی، پارٹی کوآرڈی نیٹر اوپنیر سیلوم اور کوآرڈی نیٹر کے پلانی سوامی نے گزشتہ روز کہاکہ ڈی ایم کے جو اُن کی پارٹی کی کٹر حریف ہے، اُسے ٹاملناڈو میں ابھی تک کسی بھی اسمبلی حلقے کے الیکشن میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تاہم اسٹالن نے یہ الزام مسترد کرتے ہوئے جوابی الزام عائد کیاکہ دراصل پلانی سوامی اور پنیر سیلوم کے زیراثر بعض ریاستی وزراء نے ہی دیناکرن کیمپ کی مدد کی جس نے ووٹروں میں رقم تقسیم کی۔ اخباری نمائندوں کے سوال پر اسٹالن نے دعویٰ کیاکہ ڈی ایم کے نے اِس چناؤ کا سامنا محض جمہوریت کے ساتھ اتحاد میں کیا تھا۔ دیناکرن نے باوقار نشست کے لئے منعقدہ ضمنی چناؤ زائداز 40 ہزار ووٹوں کے فرق سے جیت لیا جبکہ ڈی ایم کے امیدوار این مروتھو گنیش تیسرے مقام پر آئے اور اُنھیں 24 ہزار 651 ووٹ حاصل ہوئے جس کی وجہ سے اُن کی ضمانت ضبط ہوگئی۔ انا ڈی ایم کے پارٹی کے ای مدھوسدھنن دوسرے نمبر پر آئے۔ یہ ضمنی چناؤ متعلقہ رکن اسمسبلی اور تب کی چیف منسٹر جیہ للیتا کی موت کے سبب ضروری ہوئے تھے۔ اِس دوران انا ڈی ایم کے نے دیناکرن کی حمایت کرنے والے 9 عہدیداروں کو برطرف کردینے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ آر کے نگر ضمنی چناؤ میں باغی لیڈر کی کامیابی کے ایک روز بعد ہوا ہے۔ پارٹی ذرائع نے کہاکہ پارٹی کے سرکردہ عہدیداران پنیر سیلوم اور پلانی سوامی کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ جو عہدیدار برطرف ہوئے اُن میں دیناکرن کے کلیدی مددگار ٹی ویتریول اور تھنگتا ملسیلون شامل ہیں جو ترتیب وار چینائی اور تھینی کے انا ڈی ایم کے ڈسٹرکٹ سکریٹری تھے۔