نئی دہلی، 21 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایتھوپیا کے رنرز اینڈ ملانک بیلیہو اور جے مے چو تشائے نے ایئر ٹیل دہلی ہاف میراتھن میں اپنا دبدبہ قائم کرتے ہوئے اتوار کو بالترتیب مرد اور خواتین زمرہ کے خطاب جیت لئے ۔ دونوں زمرہ میں ایلیٹ فاتحین کو27-27 ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملی۔ ہاف میراتھن میں کل 12060 رنرزنے حصہ لیا۔دارالحکومت کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم سے 21.097 کلومیٹر کے ایلیٹ کلاس میں مرد وں کے زمرہ میں ایتھوپیا کے اینڈ ملانک بیلیہو نے بازی ماری۔ لیکن وہ کورس ریکارڈ توڑنے سے 12 سیکنڈ کے معمولی فرق سے چوک گئے ۔انہوں نے 59.17 منٹ کا وقت نکالا. مرد وں کے زمرہ میں کورس ریکارڈ 59.06 منٹ کاتھا. ایتھوپیا کے ایم دیوورک والیلگن نے دوسرا اور کینیا کے ڈینیل کپ چمبا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ایتھوپیا کی ہی جے مے چو تشائے نے ایک گھنٹہ 06 منٹ 50 سیکنڈ کا وقت نکال کر نیا کورس ریکارڈ بناتے ہوئے خواتین ایلیٹ کلاس کا ٹائٹل جیت لیا. انہیں کورس ریکارڈ بنانے کے لئے 10 ہزار ڈالر کا اضافی بونس دیا گیا۔ جے مے چو کو پیس میکر کے ساتھ ریس کا پورا فائدہ ملا اور انہوں نے مسلسل رفتار بنائے رکھتے ہوئے نیا کورس ریکارڈ بنا دیا۔خواتین کے زمرے میں کینیا کی جوزیلن جپکوسگئی کو دوسرا اور ایتھوپیا کی جنیبا یمر کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ہندوستانی مردوں میں ابھیشیک پال فاتح رہے جبکہ خواتین میں سنجیونی جادھو نے بازی ماری۔ہندوستانی فاتحین کوچار چار لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی. ابھیشیک نے آخری 100 میٹر میں بہترین رفتار نکالتے ہوئے رنر اپ اویناش سابلے اور تیسرے نمبر پر رہے گوپی ٹی کو بے حد قریبی فرق سے پیچھے چھوڑا۔