تازہ انتخابات ہی بہترین متبادل ، امبیکا سونی کا بیان
دہرہ دون۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سیکریٹری امبیکا سونی نے آج کہا کہ دہلی کے باشندوں کو اس قدر طویل عرصے سے حکومت سے محروم رکھنا انتہائی ناانصافی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے دہلی میں تازہ انتخابات کرانے کی بھی اپیل کی ہے۔ اگر خاطر خواہ ارکان رکھنے والی جماعت حکومت سازی کیلئے آگے نہیں آتی ہے تو بالواسطہ طور پر بی جے پی کا حوالہ دیتے ہوئے امبیکا سونی نے کہا کہ اروند کجریوال کے استعفے کے بعد انہیں حکومت سازی کیلئے آگے آنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب کجریوال زیرقیادت عام آدمی پارٹی نے حکومت سے استعفیٰ دے دیا تھا تو دوسری سب سے بڑی جماعت کو حکومت سازی کیلئے آگے آنا چاہئے تھا مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت سازی کیلئے کوئی پارٹی سامنے نہیں آرہی ہے تو پھر تازہ انتخابات ہی بہترین متبادل ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ میں یہ واضح کردینا چاہتی ہوں کہ اس قدر طویل عرصہ تک دہلی کے باشندوں کو حکومت سے محروم رکھنا انتہائی ناانصافی ہے۔