دہلی کے خلاف کولکتہ 7وکٹوں سے فاتح

کولکتہ ۔ 28اپریل ( سیاست ڈاٹ کام)کپتان گوتم گمبھیر کی ناقابل تسخیر نصف سنچری اور رابن اتھپا کی ایک اور نصف سنچری کی بدولت کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے اپنی کامیابیوں کے سلسلہ کو آج دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف بھی جاری رکھتے ہوئے 7وکٹوں کی ایک جامع کامیابی حاصل کی ۔ 161 رنز کا مطلوبہ نشانہ فاتح ٹیم نے 16.2اوورس میں ہی حاصل کرلیا جس میں گمبھیر نے 52گیندوں میں 71رنز کی اننگز کھیلی جب کہ اتھپا نے 33گیندوں میں 5چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 59رنز اسکور کئے ۔ کولکتہ کیلئے آج حیران کن اوپنر سنیل نارائن( تصویر میں) کو اننگز کا آغاز کرنے کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ دہلی کے فاسٹ بولر راباڈا نے غلط ثابت کیا ‘ جیسا کہ انہوں نے نارائن کو 9کے مجموعی اسکور پر ہی بولڈ کیا ۔ قبل ازیں سنجو سامسن کی 38گیندوں میں چار چوکوں اور تین چھکوں پر مشتمل 60رنز کی اننگز کی بدولت دہلی نے 160/6 کا اسکور بنایا ۔ کے کے آر کیلئے کٹلرنائیل نے 34رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔