نا معلوم افراد نے کار پر سنگباری کی ۔ کسی طرح کی پولیس سکیوریٹی حاصل کرنے سے وزیر کا انکار
نئی دہلی 5 جنوری ( پی ٹی آئی ) دہلی کی وزیر راکھی برلا پر آج نا معلوم افراد نے منگول پوری میں حملہ کیا تاہم وہ زخمی ہونے سے بچ گئیں۔ عام آدمی پارٹی کابینہ کی سب سے کم عمر رکن نے تاہم اس حملہ کے بعد اعلان کیا کہ وہ ہنوز پولیس تحفظ حاصل نہیںکرینگی ۔ 26 سالہ راکھی برلا دہلی کی بہبودی خواتین و اطفال کی وزیر ہیں اور وہ ایک مندر کو گئی تھیں۔ وہ اپنی کار کی اگلی نشست پر بیٹھی ہوئی تھیں کہ کچھ افراد نے گاڑی پر سنگباری کی جس کے نتیجہ میں گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ اس واقعہ کے فوری بعد 6 بجے شام راکھی برلا نے کہا کہ وہ ہنوز پولیس تحفظ حاصل نہیں کرینگی اور اس طرح کے حملوں سے خوفزدہ نہیں ہونگی ۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی طرح کی سکیوریٹی نہیں لیں گی ۔ یہ ہمارے اصولوں پر کیا گیا فیصلہ تھا ۔ وہ اس حملے سے خوفزدہ نہیں ہیں اور عوام کی بہتری کیلئے کام کرتی رہیں گی ۔ بعد ازاں وزیر موصوف منگول پوری پولیس اسٹیشن گئیں اور انہوں نے ایک شکایت درج کروائی ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ حملہ آوروں نے کار پر سنگباری کی جس کے نتیجہ میں شیشے ٹوٹ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نامعلوم افراد کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کر رہے ہیں اور خاطیوں کو گرفتار کرنے کیوشش کی جا رہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ راکھی برلا اپنی شخصی کار کی اگلی نشست پر بیٹھی ہوئی تھیں کہ ان پر حملہ کیا گیا ۔ وہ علاقہ میں ایک مندر کو گئی تھیں اور اسی علاقہ سے رکن اسمبلی بی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کی لیڈر سنتوش کولی نے سماج کیلئے اپنی زندگی قربان کردی ہے ۔ ہم بھی عوام کی خدمت کرنے کا عزم اور جذبہ رکھتے ہیں اور ہمارے لئے سنتوش کولی ایک مثال ہیں ۔ اس طرح کے واقعات سے ہم خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ جس وقت راکھی برلا کی کار پر حملہ کیا گیا اس وقت پارٹی کے مزید تین کارکن ان کے ساتھ تھے ۔ راکھی برلا نے اس حلقہ سے کانگریس کے طاقتور سمجھے جانے والے امیدوار راج کمار چوہان کو شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے ۔ دہلی میں چیف منسٹر اور وزرا نے کسی طرح کی سکیوریٹی حاصل نہیں کی ہے اور نہ ہی وہ سرکاری گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔ ان کی گاڑیوں پر لال بتیاں بھی استعمال نہیں کی جا رہی ہیں۔ دہلی کابینہ نے اپنے پہلے ہی اجلاس میں اس تعلق سے فیصلہ کرلیا تھا ۔