دہلی کی عدالت میں کجریوال اورسیسوڈیہ کی غیر حاضری

مجسٹریٹ کی برہمی ، شخصی حاضری سے استثنیٰ دینے سے انکار
نئی دہلی ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیہ اور عام آدمی پارٹی کے دیگر 4 لیڈروں کو جن پر یہاں ایک احتجاج کے دوران امتناعی احکامات کی خلاف ورزی اور سرکاری عہدیداروں کو فرائض انجام دینے میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام ہے ۔ ہدایت دی گئی ہے کہ دہلی کی عدالت میں 15 مئی کو حاضر رہیں ۔ میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ آکاش جین نے سماعت کی آخری تاریخ گذر جانے کے باوجود کجریوال اور دیگر ملزمین کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ملزمین کی شخصی طور پر حاضری سے استثنیٰ دینے کے لیے کوئی عذر قابل قبول نہیں ہے ۔ تاہم ملزمین کے وکیل رشی کیش کمار نے عدالت کو تیقن دیا کہ کجریوال ، سسوڈیہ اور دیگر ملزمین کل حاضری دینے کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برائے مہربانی کل تک کا وقت دیجئے اور یقینا حاضر رہیں گے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ چیف منسٹر اروند کجریوال اور ڈپٹی چیف منسٹر سسوڈیہ اپنی سرکاری مصروفیات کی بنا عدالت میں حاضر رہنے سے قاصر تھے گوکہ آج سماعت کی آخری تاریخ تھی ۔ عدالت نے کہا کہ ملزمین کو ہر قیمت پر پیش کیا جائے تاکہ 15 مئی کو چارج شیٹ پر بحث کی جاسکے۔ واضح رہے کہ کجریوال اور دیگر عام آدمی پارٹی لیڈروں نے پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریل بھون کے روبرو دھرنا دیا ۔ جنہوں نے جنوبی دہلی میں گذشتہ سال جنوری میں منشیات کے اڈہ پر دھاوا کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ پولیس نے امتناعی احکامات کی خلاف ورزی اور سرکاری عہدیداروں کے فرائض میں مداخلت پر ایک کیس درج کیا تھا اور انہیں عدالت سے ضمانت پر رہا کیا تھا ۔