دہلی کیخلاف شکست کیساتھ ممبئی پلے آف سے باہر

175 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے روہت شرما کی ٹیم 163 پر ڈھیر ۔ بلے باز توقعات کے مطابق مظاہرہ میں ناکام

نئی دہلی 20 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کے ایک اور اہم اور دلچسپ مقابلہ میں دہلی ڈیر ڈیولس نے ممبئی انڈینس کے خلاف 11 رنوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے روہت شرما کی ٹیم کو پلے آف مرحلہ سے عملا باہر کردیا ہے ۔ اس میچ میں ممبئی انڈینس کے سامنے دہلی ڈیر ڈیولس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 175 رنوں کا نشانہ رکھا تھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی کی ساری ٹیم 163 رنوں پر ہی ڈھیر ہوگئی ۔ دہلی کیلئے اوپنرس پی پی شا اور گلین میکس ویل کوئی خاص شروعات فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ پی پی شاہ کو 12 کے اسکور پر پانڈیا نے رن آوٹ کیا جبکہ گلین میکس ویل سے اچھی کارکردگی کی امیدیں تھیں۔ وہ اچھے فارم میں بھی نظر آرہے تھے لیکن 18 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 22 رن بناکر بمراہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ شریاس ائیر بھی کوئی خاص مظاہرہ نہیں کرسکے اور صرف چھ رن بناکر مارکنڈے کی گیند پر پانڈیا کو کیچ دے بیٹھے ۔ دہلی کیلئے ایک بار پھر ریشبھ پنت نے ذمہ داری سنبھالی ۔ انہوں نے 44 گیندوں میں چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 64 رن بنائے تھے ۔ پانڈیا کی گیند پر پولارڈ نے ان کا کیچ لیا ۔ دہلی کیلئے وی شنکر نے بھی اچھی بیٹنگ کی ۔ انہوں نے 30 گیندوں میں دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43 ناٹ آوٹ رن بنائے جبکہ ابھیشیک شرما 15 رن پر ناٹ آوٹ رہے ۔ ممبئی کی جانب سے پانڈیا ‘ بمراہ اور مارکنڈے کو ایک ایک وکٹ مل سکی ۔ جواب میں ممبئی کی شروعات بھی ناقص رہی ۔ سوریہ کمار یادو 12 رن بناکر آوٹ ہوگئے جبکہ ارون لیوس نے اچھی بیٹنگ کی ۔ انہوں نے 31 گیندوں میں چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 48 رن بنائے تھے ۔ مشرا کی گیند پر پنت نے ان کا کیچ لیا ۔ ایشان کشن بھی صرف پانچ رن ہی بناسکے جبکہ کیران پولارڈ صرف سات رن پر پویلین لوٹ گئے ۔ کپتان روہت شرما بھی صرف 13 رن بناسکے ۔ ہاردک پانڈیا نے 17 گیندوں میں 27 رن بنائے ۔ آخری لمحات میں بی جے کٹنگ نے 20 گیندوں میں تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 37 رن بناکر کچھ امید جگائی تھی لیکن وہ بھی آخری اوور کی دوسری گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آوٹ ہوگئے ۔ مارکنڈے تین رن پر اور بمراہ صفر پر آوٹ ہوگئے ۔ اس طرح ساری ٹیم صرف 163 رن ہی بناسکی ۔ دہلی کیلئے لمی چان نے تین وکٹس اور ہرشل پٹیل نے تین وکٹس حاصل کئے ۔ امیت مشرا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ اس شکست کے ساتھ ہی ممبئی کی ٹیم پلے آف مرحلہ سے باہر ہوگئی ہے ۔