دہلی کو پہلی کامیابی کی تلاش، آج پنجاب سے مقابلہ

پونے ۔ 14اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل ۔ 8 میں اولین کامیابی کے متلاشی دہلی ڈیرڈیولس جو دو بار جیت کے قریب پہونچ کر ناکام ہوئے ، کنگس الیون پنجاب کے خلاف کل یہاں اپنے تیسرے مقابلے میں بازی پلٹنے کی کوشش کریں گے ۔ چینائی سوپر کنگس کے مقابل اپنا پہلا میچ محض ایک رنز سے ہارنے کے بعد جے پی ڈومنی زیرقیادت ٹیم کو راجستھان رائلز نے خود اُن کے ہوم گراؤنڈ فیروز شاہ کوٹلہ میں تین وکٹوں سے شکست دیدی اور اس ٹیم کا جیت کے بغیر مقابلوں کا سلسلہ گیارہ میچز تک پہونچ گیاجو نقدی سے مالا مال اس لیگ کے دو سیزن پر محیط ہے ۔ ایسا نہیں کہ کچھ نئی ترکیب والی دہلی ٹیم نے خراب کرکٹ کھیلی ہے لیکن جیسا کہ اُن کے ممتاز اسپنر عمران طاہر کا ماننا ہے ، جی ایم آر کی ملکیت والی ٹیم بدقسمت رہی ہے ۔ جنوبی افریقی لیگ اسپنر طاہر جنھوں نے فیروز شاہ کوٹلہ میں چار وکٹیں حاصل کئے اور امیت مشرا کے ساتھ ملکر جملہ 6 وکٹیں گرائے ، انھوں نے اپنے 184 رنز کے اسکور کا لگ بھگ کامیاب دفاع کرلیا تھا

لیکن راجستھان رائلز نے آخری لمحات میں اپنے اوسان قابو میں رکھتے ہوئے میچ کی قطعی گیند پر جیت درج کرائی ۔ جہاں دہلی کی بولنگ ظہیرخان اور محمد سمیع کی غیرموجودگی کے باوجود اچھی دکھائی دی ، وہیں اُن کی بیٹنگ بھی مشکل حالات میں اچھا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوئی لیکن نتیجہ کے طورپر انھیں دو پوائنٹس حاصل نہیں ہوسکے ہیں۔ پہلے میچ میں ایل بی مورکل نے اپنے 73ناٹ آؤٹ کے ذریعہ ٹاپ آرڈر کو سنبھالے رکھا اور ڈومنی نے 44 ناٹ آؤٹ کے ذریعہ ٹیم کو چیلنج بھرے اسکور تک پہونچایا تھا مگر اس کے باوجود انھیں شکست ہوئی ۔

کنگس الیون پنجاب کی مہم ملی جلی رہی ہے جیسا کہ جارج بیلی زیرقیادت ٹیم کو پہلے میچ میں راجستھان رائلز نے بری طرح شکست دی لیکن اگلے ہی مقابلے میں انھوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میزبان ممبئی انڈینس کو بہ آسانی ہرادیا۔ اگرچہ اسٹار بیٹسمین گلین میکسویل نے ہنوز بڑی اننگز نہیںکھیلی لیکن ویریندر سہواگ (36) اور بیلی (64 ناٹ آؤٹ ) نے اپنے گزشتہ میچ میں قابل لحاظ رنز بنائے ہیں۔ بولنگ شعبہ میں لوکل ٹیلنٹ کے ساتھ میچل جانسن جیسے انٹرنیشنل اسٹار کی وجہ سے خاصی مضبوطی ہے اور اس شعبہ نے مجموعی طورپر اپنے شایانِ شان کارکردگی دکھائی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے آپسی مقابلوں کا ٹریک ریکارڈ دیکھیں تو کل کے میچ میں کنگس الیون پنجاب پسندیدہ ٹیم کی حیثیت سے شروعات کریں گے جنھیں تاحال 14 مقابلوں میں 9-5 کی برتری حاصل ہے لیکن دو ناکامیوں کے باوجود دہلی ڈیرڈیولس میں بھی شاندار واپسی کی صلاحیت موجود ہے ۔ طاہر نے گزشتہ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اُن کی ٹیم کو ناکامیاں ضرور ہوئیں لیکن کھلاڑیوں کے اعتماد میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے کیونکہ اُنھیں پتہ ہے کہ کامیابی زیادہ دور نہیں ۔ ’’ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں بس کچھ قسمت کا ساتھ چاہئے ‘‘۔