نئی دہلی ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج اعلان کیا کہ وہ یکم مارچ سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہرتال شروع کریں گے اور دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے اپنے مطالبہ پر زور دیں گے ۔ دہلی اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے مرکز پر اپنی تنقیدوں میں اضافہ کیا اور کہا کہ دہلی حکومت اپنے فرائض کی انجام دہی سے قاصر ہے ۔ شہر کے عوام کی خدمت کرنے کا اس کو موقع نہیں دیا جارہا ہے ۔ کیوں کہ حکومت کے پاس اختیارات نہیں ہیں ۔ انہوں نے اسمبلی کو بتایا کہ میں یکم مارچ سے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے لیے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کررہا ہوں ۔ عوام نے ہم کو بہت کچھ دیا ہے ۔ اب عوام کے لیے ہم اپنی جانیں قربان کرنے تیار ہیں ۔ دہلی کے عوام کو روزمرہ مسائل اور ناانصافیوں کا سامنا ہے ۔ آزادی کے بعد سے دہلی کے عوام بے عزتی کی زندگی گذار رہے ہیں اور عوام نے ہم کو منتخب کیا ہے لیکن ہمارے اختیارات سلب کئے جاچکے ہیں ۔