دہلی کو شکست ، ممبئی وجے ہزارے چمپئن

بنگلور۔20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وکٹ کیپر آدتیہ تارے (71) کی شاندار نصف سنچری اننگز اور سدھیش لاڈ (48) کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 105 رن کی اہم رفاقت کی بدولت ممبئی نے دہلی کو چار وکٹ سے شکست دے کر وجے ہزارے ٹرافی ونڈے کرکٹ ٹورنمنٹ کا خطاب جیت لیا۔ ممبئی نے دہلی کو45.4 اوور میں177 رنز پر سمیٹنے کے بعد ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنے چار وکٹ صرف40 رنز پر گنوا دیئے تھے لیکن تارے اور لاڈ نے سنچری رفاقت کر کے ممبئی کو جیت کی دہلیز تک پہنچایا۔ ممبئی نے 35 اوور میں چھ وکٹ پر180 رنز بناکر خطابی کامیابی حاصل کی۔ ممبئی کی ٹیم چھ سال بعد وجے ہزارے ٹرافی کے فائنل میں پہنچی تھی اور اس نے11 سال کے طویل عرصے کے بعد یہ خطاب جیتا ہے ۔ اسے 12۔2011 کے فائنل میں بنگال سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اس سے قبل ممبئی 07۔2006 میں راجستھان کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ سال 04۔2003 میں جب فائنل نہیں کھیلے جاتے تھے تب ممبئی کی ٹیم فاتح رہی تھی۔