کولکاتا ، 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہوم گراؤنڈ میں نہایت پُراعتماد ڈیفنڈنگ چمپینس کولکاتا نائٹ رائیڈرس اپنی پیشرفت کو جاری رکھنے کوشاں رہیں گے جب وہ استقلال سے عاری دہلی ڈیرڈیولس کا آئی پی ایل T20 کرکٹ ٹورنمنٹ میں کل یہاں ایڈن گارڈنس میں سامنا کریں گے۔ گزشتہ شب اپنی چھٹی ناکامی کے بعد ڈی ڈی والوں کو جلد اخراج کا اندیشہ ہے، حالانکہ یوراج سنگھ، انجیلو میتھیوز اور ظہیر خان جیسے بڑے ناموں کی شمولیت سے کافی توقعات پیدا ہوئی تھیں۔ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن تک گھٹ جانے والی جے پی ڈومینی کی ڈی ڈی ٹیم کی بقاء کی امیدیں موہوم ہوچلی ہیں کیونکہ اب انھیں اپنے بقیہ تمام چار میچز جیتنے ہوں گے تاکہ آخری چار والے کسی مقام کیلئے دوڑ میں برقرار رہ سکیں۔ دوسری طرف کے کے آر ٹیم ٹیبل میں 10 میچوں سے 11 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔ گوتم گمبھیر زیرقیادت ٹیم کے مزید دو ہوم میچز باقی ہیں جو کل ڈی ڈی اور پھر 10 مئی کو کنگس الیون پنجاب کے ساتھ مقرر ہیں۔ اور وہ یہی چاہیں گے کہ اپنی پلے آف مرحلے کی امیدوں کو روشن کرنے کیلئے اپنا ردھم بہرحال برقرار رکھیں گے۔ اپنے گزشتہ میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر جیت کی راہوں پر واپسی کے بعد کے کے آر ٹیم میں مسکراہٹیں لوٹ آئی ہیں۔ گمبھیر کی ففٹی کے ساتھ ٹیم نے شاندار جیت درج کرائی تھی۔