رائے پور ؍ کولکاتا ، 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ڈیرڈیولس کی طرف سے محض ایک بیٹنگ جوڑی کوئنٹن ڈی کاک اور کیدار جادھو کی شاندار کوشش جبکہ دیگر تمام کی ناقص کارگزاری کے ساتھ جے پی ڈومینی کی بے کیف کپتانی نے آئی پی ایل 8 سے اس فرنچائز کو آخرکار آج ناک آؤٹ کردیا، جسے ڈیوڈ وارنر کے سن رائزرس حیدرآباد نے چھ رنز سے شکست دی۔ دن کے پہلے میچ میں ڈیفنڈنگ چمپینس کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے ہوم گراؤنڈ پر اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک وکٹ کی سنسنی خیز فتح درج کرائی، جس پر گوتم گمبھیر زیرقیادت کے کے آر کو پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن مل گئی۔ حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور تین نمبر پر موئزس ہنریکس کے 74* (46 گیندیں) کے بل بوتے پر 163/4 بنائے۔ دہلی کی جوابی اننگز میں اوپنر ڈی کاک (50) اور پانچ نمبر پر جادھو (63*) بہت شاندار کھیلا۔ لیکن دیگر کا انھیں خاطرخواہ ساتھ نہیں ملا۔ ڈومینی نے صرف 12 رنز بنائے جبکہ یوراج سنگھ (2) کو ایک اور ناقص انفرادی اسکور پر پرویز رسول (1/20) نے آؤٹ کردیا۔ قبل ازیں کولکاتا میں جارج بیلی زیرقیادت کنگس الیون پنجاب 183/5 کا بھی اینڈرے رسل کیخلاف دفاع نہیں کرپائے، جس نے ایک گیند قبل 184/9 کے ساتھ کامیابی پائی۔