دہلی نتائج کے ملک پر دور رس اثرات: جے ڈی یو کا ادعا

پٹنہ 10 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی اسمبلی انتخابات میں بے مثال کامیابی پر اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے جنتادل یو نے آج کہا کہ دہلی کے عوام نے ومیر اعظم نریندرمودی اور بی جے پی کو مسترد کردیا ہے اور دہلی کے اسمبلی نتائج کے سارے ملک بشمول بہار پر دور رس اثرات مرتب ہونگے ۔ جنتادل یو کے بہار کے صدر وششتا نارائن سنگھ نے کہا کہ اروند کجریوال نے ایک بڑی لڑائی جیتی ہے ۔ ان کی پارٹی نے بے مثال کارکردگی دکھائی ہے ۔ ہم انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔ نتائج سے اشارہ مل گیا ہے کہ دہلی کے عوام نے وزیر اعظم نریندر مودی کے کام کرنے کے انداز کو مسترد کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دس لاکھ روپئے کا سوٹ ذیب تن کرنے والے شخص ( نریندر مودی ) پر ایک سادہ زندگی گذارنے والے فرد کو ترجیح دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی انتخابات کے نتائج کے بہار کے بشمول سارے ملک پر دور رس اثرات مرتب ہونگے ۔ بہار میں جاریہ سال ہی انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کیلئے کارکردگی ہی بنیاد ہے صرف ہائی فائی مہم سے کچھ نہیں ہونے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لو جہاد اور تفرقہ پروری جیسے مسائل کو عوام نے پسند نہیں کیا ہے ۔ جنتادل یو کے ترجمان نیرج کمارنے کہا کہ دہلی کے نتائج نے بی جے پی کے ہوا کی قلعی کھول دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے عام آدمی پارٹی کے حق میں اپیل کی تھی جو کارکرد ثابت ہوئی ۔