بی جے پی قائد شتروگھن سنہا کا الزام
پٹنہ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ناراض رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے آج الزام عائد کیا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ اور بہار کے سابق چیف منسٹر لالو پرساد کے ساتھ جبکہ وہ نئی دہلی کے دواخانہ ایمس میں شریک تھے، غیرانسانی سلوک کیا گیا تھا۔ بیمار لالو پرساد کو بذریعہ ٹرین دہلی سے 14 گھنٹے کے سفر کے بعد جاریہ ہفتہ رانچی منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی غلط سلوک ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی انتقام کی سیاست پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مقبول قائد سابق چیف منسٹر لالو یادو کے ساتھ غیرانسانی سلوک المناک ہے۔ لالو پرساد جو چارہ اسکام مقدمات میں سزائے قید بھگت رہے ہیں، پیر کے دن ایمس نئی دہلی سے ڈسچارج کردیئے گئے تھے جبکہ دواخانہ کے میڈیکل بورڈ نے ان کا اس دواخانہ میں زیرعلاج رہنا ان کی تحفظ کے برعکس قرار دیا تھا اور انہیں راجیندر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس رانچی منتقل کردیا تھا۔ آر جے ڈی کے سربراہ تقریباً ایک مہینہ دواخانہ میں شریک رہے تھے۔