دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کی تشکیل یقینی

نئی دہلی۔22ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نئی دہلی میں کانگریس کی تائید سے حکومت بنانے کیلئے اپنا ذہن بناچکی ہے۔ پارٹی لیڈر اروند کجریوال نے ایک طاقتور انتخابی منشور کا تیقن دیا جس میں تمام وعدوں کو پوراکرنے کا عہد کیا گیا ہے ۔ اروند کجریوال نے کہا کہ تشکیل حکومت کے بارے میں ایک ہفتہ طویل ریفرنڈم کا غیر معمولی طور پر مثبت ردعمل رہا ۔ وہ کل پارٹی کی پولیٹیکل افیئرس کمیٹی اجلاس کے بعد لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ سے ملاقات کریں گے ۔

کجریوال نے کہا کہ تشکیل حکومت کے بارے میں کل عوامی ریفرنڈم کا جائزہ لینے کے بعد ہی اعلان کیا جائے گا ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرسکیں گے ؟ کجریوال نے کہاکہ پارٹی ماہرین کی مشاورت سے تیار کئے گئے اس طاقتور منشور پر سختی سے عمل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس منشور میں بعض ایسے اُمور ہیں جن پر تشکیل حکومت کے ساتھ ہی اندرون چند گھنٹے عمل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تشکیل دینے کیلئے بھی عوام کی رائے حاصل کی جا رہی ہے اور ہندوستان میں شائد ایسا پہلی مرتبہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل عام آدمی کا رول صرف رائے دہی تک محدود ہوا کرتا تھا تاہم ہم نے دوبارہ ان سے رائے حاصل کی ہے

اور انہیں یہ احساس دیا ہے کہ وہ حکومت سازی کے عمل میں بھی با اختیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کی پارٹی کے تعلق سے ہی تبادلہ خیال ہو رہا ہے اور یہی اصل جمہوریت ہے ۔ دہلی میں بی جے پی 31 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے تاہم اس نے دہلی میں حکومت بنانے سے انکار کردیا ہے ۔ انتخابات میں کانگریس کا بالکل صفایا ہوگیا تھا اور اسے صرف آٹھ نشستوں سے کامیابی ملی ہے ۔ کانگریس نے عام آدمی پارٹی کو حکومت بنانے کیلئے تائید کا اعلان کیا ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی دہلی میں حکومت تشکیل دیتی ہے تو دہلی میں لوک پال بل کی منظوری کیلئے 29 ڈسمبر تک کی جو مہلت مقرر کی گئی تھی اس میں ایک ہفتے کی توسیع کرنی پڑیگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کیلئے عوام کی رائے حاصل کرنے میں کافی وقت لگ گیا ہے ۔ اگر ہم حکومت بناتے ہیں تو اس بل کی منظوری کیلئے مہلت میں ایک ہفتے تک کا اضافہ کرنا ہوگا تاہم ہم یہ بل ضرور منظور کرینگے ۔