دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کی آج حلف برداری

نئی دہلی 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی سیاسی تاریخ میں ایک نئے باب کا اس وقت اضافہ ہوگا جب کل عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال کل دہلی کے ساتویں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ اروند کجریوال نے عام آدمی پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک کی تقریبا تمام اہم سیاسی جماعتوں کو حیرت کا شکار کردیا تھا۔ اروند کجریوال اپنے چھ وزرا کے ساتھ دہلی کے رام لیلا میدان پر حلف لیں گے ۔

رام لیلا میدان نئی اور پرانی دہلی کے درمیان واقع ہے اور وہ گذشتہ چھ دہوں میں ملک کی تاریخ میں اہم ترین سیاسی ریلیوں کا مقام بھی رہا ہے ۔ ہفتے کو ہونے والی تقریب حلف برداری میں تاہم منظر دوسرا ہوسکتا ہے ۔ اتفاق کی بات یہ ہے کہ دہلی کے رام لیلا میدان ہی سے کرپشن کے خلاف مہم شروع کرتے ہوئے وہ اقتدار کی مسند تک پہونچے ہیں۔ رام لیلا میدان ہی سے انا ہزارے نے 2011 میں اپنی 12 روزہ بھوک ہڑتال انسداد کرپشن کیلئے جن لوک پال بل کی منظوری کیئے شروع کی تھی اور کجریوال ان کے ساتھ تھے ۔ کجریوال نے گذشتہ سال نومبر میں عام آدمی پارٹی کے قیام کے بعد سے انا ہزارے سے دوری اختیار کرلی تھی تاکہ کرپشن سے لڑائی کیلئے اقتدار کی راہ اختیار کی جاسکے ۔ انہوں نے تاہم اپنی تقریب حلف برداری کیلئے انا ہزارے کو بھی مدعو کیا ہے لیکن یہ طئے نہیں ہے کہ انا ہزارے اس میں شرکت کرینگے ۔

عام آدمی پارٹی نے سابق جج سپریم کورٹ سنتوش ہیگڈے اور سابق پولیس عہدیدار کرن بیدی کو بھی مدعو کیا ہے جو 2011 میں کرپشن کے خلاف جدوجہد میں کجریوال کے ساتھ تھے ۔ 45 سالہ کجریوال کو دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ ایک تقریب میں عہدہ اور رازداری کا حلف دلائیں گے اور امکان ہے کہ اس میں دہلی کے ہزاروں شہری ‘ کجریوال سے کئی امیدیں باندھے ہوئے شرکت کرینگے ۔ کجریوال کی کابینہ کے امکانی ارکان میں سابق صحافی منیش سیسوڈیہ 41 سال راکھی برلا 26 سال کے علاوہ سابق قانون دان سوربھ بھردواج 34 سال اور سومناتھ بھارتی 39 کے علاوہ آرکٹیٹ ستیندر جین 49 سال اور تاجر گریش سونی 49 سال شامل ہیں۔ ایک خاتون راکھی برلا ہندوستان میں اب تک کی سب سے نوجوان وزیر ہوسکتی ہیں۔ کجریوال نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اقتدار سنبھالنے کے اندرون پندرہ دن کرپشن سے مقابلہ کیلئے جن لوک پال بل منظور کروائیں گے ۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ برقی شرحوں کو نصف کردینگے اور ضرورت مند گھرانوں کو یومیہ 700 لیٹر پانی فراہم کیا جائیگا۔ کجریوال کو ابھرتی ہوئی قیادت کیلئے 2006 میں میگ سے سے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا ۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے وزرا اور ارکان اسمبلی رام لیلا میدان پہونچنے کیلئے میٹرو ریل سے سر کرینگے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کریت ہوئے کہا کہ وہ خود بھی میٹرو ریل کے ذریعہ تقریب حلف برداری کیلئے جائیں گے ۔ ان کے ساتھ ان کی شریک حیات سنیتا اور ایک کے دونوں بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی بھی میٹرو سے جائیں گے ۔ کجریوال نے کہا ہے کہ ہر شخص کا تقریب حلف برداری میں خیر مقدم ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری ٹرانسپورٹ کے ذریعہ یہاں پہونچیں۔

یہ ایک اقلیتی حکومت ہوگی کیونکہ 70 رکنی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کو 28 نشستوں پر کامیابی ملی ہے اور اسے کانگریس کے آٹھ ارکان اسمبلی کی تائید پر انحصار کرنا ہوگا ۔ کانگریس کو پندرہ سالہ اقتدار کے بعد دہلی میں شکست ہوئی تھی ۔ اسمبلی انتخابات میں 31 نشستیں جیتنے والی بی جے پی اصل اپوزیشن جماعت ہوگی ۔ اس نے سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود حکومت تشکیل دینے سے انکار کردیا تھا ۔ کانگریس نے کہا ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی کو صرف اس لئے تائید فراہم کر رہی ہے کیونکہ وہ اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرسکے ۔ پارٹی نے عام آدمی پارٹی کی مخالفت جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا ۔

کجریوال نے چیف منسٹر بننے کے باوجود کسی طرح کی سکیوریٹی حاصل کرنے سے انکار کردیا ہے اور وہ چیف منسٹر کو الاٹ کئے جانے والے بنگلہ کو بھی استعمال نہیں کرینگے ۔ دہلی پولیس کی جانب سے حلف برداری کیلئے وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انتظامیہ نے رام لیلا میدان پر تقریبا 25 ہزار کرسیوں کا اہتمام کیا ہے ۔ اس میدان پر وقت واحد میں 50 ہزار افراد سما سکتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے رام لیلا میدان پر انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ سکیوریٹی ونگ کی جانب سے اسٹیج کی حفاظت کا انتظام کیا جائیگا جہاں دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ ‘ کجریوال کو حلف دلائینگے ۔ یہ دوسرا موقع ہے جب عوام مقام پر حلف برداری ہو رہی ہے ۔ اس سے قبل 1996 میں بی جے پی لیڈر صاحب سنگھ ورما نے چھتراسال اسٹیڈیم میں حلف لیا تھا ۔