دہلی میں طاق ۔ جفت اسکیم کا نفاذ ملتوی

خواتین کو استثنیٰ سے این جی ٹی انکار پر دہلی حکومت کا فیصلہ
نئی دہلی ۔ /14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت دہلی نے گاڑیوں کی آمد و رفت پر طاق ۔ جفت تحدیدات میں کسی کو بھی استثنیٰ دینے سے انسداد آلودگی کے قومی ادارہ نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کے انکار کے بعد اس اسکیم کے نفاذ کو ملتوی کردیا ہے ۔ دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے ہفتہ کو یہ حیرت انگیز اعلان کیا جس سے چند گھنٹہ قبل این جی ٹی نے /13 تا /17 نومبر اس اسکیم کے نفاذ کی مشروط اجازت دی تھی ۔ گہلوٹ نے کہا کہ ’’قومی دارالحکومت میں /13 تا /17 نومبر طاق ۔ جفت اسکیم کا نفاذ ملتوی کردیا گیا ہے کیونکہ این جی ٹی نے ایمرجنسی خدمات کے سواء دیگر تمام استثنائی کو برخواست کردیا ہے ‘‘ ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اس اسکیم کے نفاذ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس اجلاس میں کیلاش گہلوٹ کے علاوہ دیگر وزراء گوپال رائے اور عمران حسین نے بھی شرکت کی تھی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ’’خواتین کے تحفظ کے سوال پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے او نہ ہی کوئی جوکھم مول سکتے ہیں ۔ کہر اور آلودگی کے ذرات 2.5 اور 10 کی سطحیں بھی کم ہوئی ہیں ۔ چنانچہ فی الحال ہم اس فیصلہ کو ملتوی کررہے ہیں ۔ پیر کو این جی ٹی میں ہم درخواست نظرثانی دائر کریں گے ‘‘ ۔