دہلی میں صدر راج کے خلاف عام آدمی پارٹی کی درخواست پر مرکز سے سپریم کورٹ کی جواب طلبی

نئی دہلی 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)سپریم کورٹ نے آج دہلی میں صدر راج کے نفاد کو چیلنج کرتے ہوئے پیش کردہ عام آدمی پارٹی کی درخواست پر مرکز کو نوٹس جاری کردی اور اندرون 10 دن اس مسئلہ پر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔ بنچ نے مقدمہ کی آئندہ سماعت 7 مارچ کو مقرر کی تاہم اس نے بی جے پی اور کانگریس کو نوٹس دینے سے گریزکیا جنہیں درخواست میں مدعی علیہان بنایا گیا ہے۔بنچ نے کہا کہ وہ صرف دستوری مسئلہ سے نمٹنا چاہتی ہیں۔ سینئر ایڈوکیٹ فلی ایس نریمانگ نے عام آدمی پارٹی کی پیروی کرتے ہوئے درخواست پیش کرنے کی وجہ بننے والے حقائق کی وضاحت کی۔ 21 فبروری کو سپریم کورٹ نے آج درخواست کی سماعت کرنے سے اتفاق کیا تھا۔ ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے عام آدمی پارٹی کی پیروی کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں متبادل حکومت کا کوئی امکان نہیں ہے اور لیفٹنٹ گورنر کو چاہئے تھا کہ اسمبلی تحلیل کردیتے ۔ مشترکہ درخواست اخباری اطلاعات اور عام آدمی پارٹی کے پاس دستیاب دستاویزات کی بنیاد پر داخل کی گئی ہے ۔