دہلی میں سکم کی خاتون کی عصمت ریزی، ایمس کا ڈاکٹر اور دیگر 4 گرفتار

نئی دہلی /27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سکم کی متوطن ایک 25 سالہ خاتون جو ایک فوجی عہدہ دار کی بیوی تھی، غیر قانونی طورپر دہلی منتقل کی گئی، جہاں مبینہ طورپر جنوبی دہلی کے علاقہ حوض خاص میں ایمس کے ایک ڈاکٹر نے کل رات اس کی عصمت ریزی کی۔ خاتون کا شوہر ہے گورکھا ریجمنٹ میں ملازم ہے اور راجستھان میں تعینات ہے۔ خاتون کو بیوٹی پارلر میں ملازمت کے بہانے منتقل کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ایمس کا ڈاکٹر اور دیگر چار افراد بشمول ایک شادی شدہ جوڑا گرفتار کرلئے گئے ہیں، جنھوں نے اسے زبردستی عصمت فروشی کے پیشہ سے وابستہ کرنے کے لئے دہلی منتقل کیا تھا۔ ملزم ڈاکٹر 27 سالہ مہرتیج متوطن حیدرآباد جس کی دو ماہ میں شادی ہونے والی تھی اور 37 سالہ سمن، اس کا شوہر 40 سالہ دیپک عرف ساگر، ان کے ساتھی 32 سالہ دھرم ویر اور 31 سالہ کمل گرفتار کرلئے گئے اور وہ آٹو بھی ضبط کرلیا گیا، جس میں خاتون کو ڈاکٹر کی قیامگاہ پر منتقل کیا گیا تھا۔