نئی دہلی ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکمران کیلئے اپنی دہلی کی پالیسی کو واضح کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے آج وعدہ کیا کہ دہلی کے عوام کو پانی سربراہ کیا جائے گا کیونکہ یہ ان کا ’’حق‘‘ ہے۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی دہلی جل بورڈ کو خانگیانے کے خلاف قدم اٹھائے گی۔ پانی پر ’’وائیٹ پیپر‘‘ جاری کرتے ہوئے پارٹی نے دعویٰ کیا کہ شہر کی آبی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ گذشتہ 10 سال کے دوران 32,600 کروڑ روپئے خرچ کئے جانے کے باوجود دہلی پیاسا ہے۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اشیش کھیتان نے کہا کہ دہلی جل بورڈ قانون میں ترمیم کی جائیگی تاکہ عوام کے جائز حق صاف ستھرے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جاسکے۔