نئی دہلی 5 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں حکومت قائم کرنے کی کوششوں کے درمیان وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی بی جے پی اس مسئلہ پر فیصلہ کریگی ۔ انہوں نے مرکزی وزیر مسٹر نتن گڈکری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تشکیل دینے کے مسئلہ پر بی جے پی کوئی فیصلہ کریگی ۔ مسٹر نتن گڈکری دہلی میں پارٹی امور کے نگران ہیں۔ واضح رہے کہ دہلی کے لیفٹننٹ گورنر مسٹر نجیب جنگ نے مرکز کو ایک رپورٹ روانہ کرتے ہوئے دہلی میں بی جے پی کو تشکیل حکومت کا موقع دینے کی تجویز پیش کی ہے ۔ مسٹر نتن گڈکری نے کہا کہ پارٹی حکومت قائم کرنے ارکان کی خرید و فروخت میں ملوث نہیں ہوگی ۔
مودی کے انتخاب کو چیلنج
درخواست کی سماعت 31 اکٹوبر تک ملتوی
الہ آباد 5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) الہ آباد ہائی کورٹ نے آج ایک درخواست کی سماعت 31 اکٹوبر تک ملتوی کردی جس میں وارناسی لوک سبھا حلقہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کے انتخاب کو چیلنج کیا گیا ہے ۔ جسٹس وی کے شکلاء نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ دفتر اسٹرا جنرل کی 18 جولائی کی نوٹس ہنوز مدعی علیہ (نریندر مودی) کو ہنوز حوالہ نہیں کی گئی۔ عدالت نے کہا کہ نوٹس عام ڈاک کے ذریعہ اور رجسٹرڈ ڈاک کے ذریعہ روانہ کی گئی تھی اور علاقہ کے کثیر الاشاعت روزناموں میں بھی شائع کی گئی تھی۔ عدالت نے حکم دیا کہ مدعی علیہ کو نوٹس کی حوالگی یقینی بنائی جائے اور آئندہ سماعت کی تاریخ 31 اکٹوبر کو مقرر کردی۔