پٹنہ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اپنی حکومت پر بی جے پی کی تنقید پر جوابی وار کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہاکہ جس طریقہ سے جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار کو پولیس کی موجودگی میں زدوکوب کیا گیا، اِس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دہلی میں ’’جنگل راج‘‘ ہے۔ اسٹنگ آپریشن کے ویڈیو ٹیپ کا حوالہ دیتے ہوئے جسے ایک خبررساں چیانل نے کل نشر کیا تھا، اُنھوں نے کہاکہ اِس سے صاف ظاہر ہے کہ وکلاء نے بدگوئی کی تھی اور پولیس کی موجودگی میں کنہیا کمار کو زدوکوب کیا تھا۔ دہلی میں قانون کی حکومت نہیں ہے۔ دہلی پولیس مرکزی حکومت کی ماتحت ہے، دہلی میں جو کچھ ہوا اِس سے ثابت ہوتا ہے کہ دہلی میں جنگل راج چل رہا ہے۔